2ارب 40کروڑ کی بے ضابطگی، پٹرول پمپس، اثاثے، سابق چیف انجینئر کیخلاف تحقیقات شروع

  2ارب 40کروڑ کی بے ضابطگی، پٹرول پمپس، اثاثے، سابق چیف انجینئر کیخلاف ...

  



لاہور(ارشد محمود گھمن /سپیشل رپورٹر)محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ لاہور نے سی اینڈ ڈبلیو کے سابق چیف انجینئر وسیم طارق کے خلاف 2ارب40کروڑ روپے کی بے ضابطگیوں اورمبینہ طور پرکروڑوں روپے مالیت کے 4پٹرول پمپس سمیت دیگر جائز اثاثہ جات بنانے کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں،یادرہے کہ مذکورہ آفیسر کے خلاف ایک کنٹریکٹر کی درخواست پر عدالت عالیہ کے حکم پرڈی جی اینٹی کرپشن نے پہلے ہی انکوائری شروع کروارکھی ہے۔تفصیلات کے مطابق سی اینڈ ڈبلیو کے سابق چیف انجینئر وسیم طارق کے خلاف 2ارب 40کروڑ روپے کی بے ضابطگیوں،کروڑوں روپے مالیت کے 4پٹرول پمپس،قیمتی اثاثے اوربیٹے کی بارات اور ولیمہ پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کے خلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ لاہور نے انکوائری نمبر39/19اور87/19ہولڈ کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں،مذکورہ چیف انجینئر پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی6ماہ کی تعیناتی کے دوران قومی خزانہ کواربوں روپے کا نقصان پہنچاکر مالی فائدے حاصل کئے جبکہ مذکورہ چیف انجینئر کے پاس سابق سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو طاہر خورشید کی مبینہ ملی بھگت سے 3چیف انجینئرز کے اضافی چارج بھی تھے،جس میں انہوں نے اپنے عہدوں کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے 20ارب سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز میں ٹھیکیداروں سے مبینہ طور پر 2فیصد کے حساب سے 40کروڑ روپے کی ایڈوانس کمیشن وصول کی جبکہ اپنے ماتحت درجنوں ایگزیکٹو انجینئرز،ایس ای وغیرہ سے ملی بھگت کرکے جاری ترقیاتی منصوبوں میں ناقص میٹریل کا استعمال کرواکر10فیصد کمیشن بھی حاصل کی جس سے قومی خزانہ کو تقریباً2ارب روپے کا نقصانہ ہوا،اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس کا کہناہے کہ قومی خزانہ کو لوٹنے والے ذمہ دار افسروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے،کرپٹ افسران کا قلع قمع کرکے ان سے رقوم برآمد کرے قومی خزانہ میں جمع کروانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ مذکورہ افسر کی جگہ پر تعینات موجودہ چیف انجینئر نیئر سعید کا کہناہے کہ حکومت پنجاب کے جاری اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت کے حوالے سے بھی مزید تحقیقات کررہے ہیں،یادرہے کہ مذکورہ چیف انجینئر کو کرپشن کے الزام میں حکومت پنجاب نے ایک ماہ قبل چیف انجینئر کے عہدہ سے فارغ کردیاتھا۔

تحقیقات شروع

مزید : صفحہ آخر