رقم کی عدم ادائیگی، فضلہ اٹھانے والی کمپنی نے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

رقم کی عدم ادائیگی، فضلہ اٹھانے والی کمپنی نے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

  



لاہور(نامہ نگارخصوصی)رقم کی عدم ادائیگی کے خلاف ہسپتالوں کا فضلہ اٹھانے والی کمپنی نے لاہورہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔اس سلسلے میں متعلقہ کمپنی کی درخواست کی ابتدائی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے درخواست گزار کمپنی کو مصدقہ دستاویزات درخواست کے ساتھ لف کرنے اوردرخواست میں پنجاب حکومت کو فریق بنانے کی ہدایت کردی۔درخواست میں ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیاہے کہ لاہور سے ہسپتالوں کا اور دیگر کچرا اٹھانے کے لئے درخواست گزار کمپنی نے ٹھیکہ حاصل کیا، ایک برس سے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ادائیگی نہیں کر رہی، بقایاجات کی ادائیگی نہ ہونے سے کمپنی کے جنریٹرز اور دیگر معاملات کو چلانا مشکل ہو رہا ہے، ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ادائیگیوں کے خطوط بھجوانے کے باوجود رقم ادا نہیں کی جا رہی، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو بقایاجات ادا کرنے کا حکم دیا جائے، فاضل جج نے درخواست گزار کے وکیل سے کہا کہ آپ کی درخواست قابل سماعت نہیں ہے، آپ کا معاملہ مفاد عامہ اور ماحولیات کے زمرے میں نہیں آتا، درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ درخواست کے قابل سماعت ہونے کے حوالے سے انہیں مزید دلائل کے لئے مہلت دی جائے، جس پر فاضل جج نے مذکورہ ہدایت کے ساتھ سماعت ملتوی کردی۔

رجوع کرلیا

مزید : صفحہ آخر