پنجاب میں فارورڈ بلاک ہے نہ پریشر گروپ، تبدیلی کی افواہیں سازش: عثمان بزدار

  پنجاب میں فارورڈ بلاک ہے نہ پریشر گروپ، تبدیلی کی افواہیں سازش: عثمان ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب میں فارورڈ بلاک ہے نہ پریشر گروپ،صوبے میں تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے سازشیں کررہے ہیں،پنجاب حکومت کے تمام سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں اوراتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ غازی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہاکہ پنجاب میں آٹے کاکوئی بحران نہیں، عوام کی سہولت کے لئے شہروں اورتحصیلوں میں آٹے کے سیل پوائنٹس کی تعداد بڑھادی گئی۔انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے مختص 35 فیصد فنڈزکسی دوسرے علاقے پر خرچ نہیں ہوسکیں گے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان شہر کا دورہ کیا، صفائی کے انتظامات اور ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے عمائدین اور شہریوں نے ملاقات کی،شہریوں کے مسائل سنے اور ان کی درخواستوں پر ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سماجی کارکن حفیظ خان بزدار کے انتقال پران کے بھائی ممتاز بزدار اور ورثاء سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی-وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے خواتین کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو مقامی صحافی مظہر لاشاری نے اپنی تصنیف بھی پیش کی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداربلوچستان سے واپسی پر اچانک بہاولپور پہنچ گئے، بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں بننے والے تھیلیسیمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تھیلیسیمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر میں زیرعلاج بچوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زیر علاج بچوں کے لواحقین سے سینٹر میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔ سینٹر میں زیرعلاج ایک طالبہ آمنہ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سر! میں مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہوں جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ وہ آمنہ کی مزید تعلیم کیلئے فوری اقدامات کریں اور آمنہ کے تعلیمی اخراجات پنجاب حکومت اٹھائے گی اور اسے اچھے تعلیمی ادارے میں داخل کرایا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سینٹر کی عمارت کے مختلف حصے دیکھے اور منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر بہاولپور کیلئے 90 کروڑ روپے کے فنڈز فی الفور فراہم کئے جائیں گے اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کو جلد آپریشنل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا دورہ کرکے زمینی حقائق سے آگاہی حاصل کی ہے اور انشاء اللہ ہماری حکومت اس اہم منصوبے کو جلد مکمل کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سول ہسپتال بہاولپور کو نواب صادق محمد خان عباسی کے نام منسوب کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ سول ہسپتال بہاولپورکو نواب صادق محمد خان عباسی کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز مناسب ہے اور ہم سول ہسپتال بہاولپور کا نام نواب صادق محمد خان عباسی سے منسوب کرنے کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعلیٰ نے بہاولپور کے صحافیوں کیلئے جرنلسٹ کالونی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں جلد اقدامات کئے جائیں گے اور صحافیوں کو صحت انصاف کارڈ بھی دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بہاولپور شہر کا بھی دورہ کیا اور شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی آمد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ میچوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔شائقین کرکٹ کو پرامن ماحول مہیا کیا جائے گا۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول