کرتارپور راہداری عمران خان اور جنرل باجوہ کا کریڈٹ، پرویزالٰہی

  کرتارپور راہداری عمران خان اور جنرل باجوہ کا کریڈٹ، پرویزالٰہی

  



لاہور(آئی این پی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری میں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کریڈٹ ہے جو انہیں ملنا چاہئے۔ وہ اسمبلی میں دوسرے سکھ رکن کی حلف برداری پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزارتِ اعلیٰ کے دور میں سکھوں کے مقدس مقامات کی دیکھ بھال کو ترجیح دی گئی اور ان تک رسائی کیلئے ڈبل سڑکیں تعمیر کی گئیں، ننکانہ صاحب کو ترقی دی اور ضلع بنایا جبکہ واہگہ سے ننکانہ تک ڈبل سڑک بنائی گئی، لاہور سے بذریعہ نارووال کرتارپور تک سڑک میں توسیع کی، اگر پرویزمشرف سپورٹ نہ کرتے تو شاید یہ سارے کام نہ ہوتے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ کرتارپور کوریڈور بنانے میں جنرل باجوہ کی جپھی نے جو کام کیا وہ ماضی کی حکومتیں نہ کر سکیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرتارپور کوریڈور بنانے میں ذاتی دلچسپی لی اور اس کی تعمیر کے دوران دس سے زائد بار دورہ کر کے ذاتی طور پر کام کا معائنہ کرتے رہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا جبر و ظلم اب زیادہ دیر نہیں چل سکتا اور انکی عظیم الشان قربانیاں رنگ لا کر رہیں گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کشمیر کمیٹی پنجاب کے زیراہتمام ون ملین دستخطی مہم پر دستخط کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کیلئے پاکستان کا بچہ بچہ اپنا سب کچھ نچھاورکرنے کو تیار ہے، بھارت کے تمام تر منفی ہتھکنڈوں، مذموم پراپیگنڈہ اور گیدڑ بھبکیوں کے باوجود کشمیریوں کی ہر سطح پر سفارتی اور اخلاقی مدد کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ تاریخی اور مثالی حوصلے اور جرات سے بھارتی مظالم کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے پر ہم کشمیریوں باالخصوص نئی نسل کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔

پرویزالٰہی

مزید : صفحہ اول