وفاق کا بلوچستان میں بارشوں اور برفباری سے متاثرہ افراد کی امداد کا اعلان
کوئٹہ/اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بارشوں اور برفباری سے ہونے والے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کے ورثا کو 5 لاکھ روپے اور متاثرہ گھروں کے مالکان کو 50 ہزار روپے فی کس دیئے جائیں گے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے، یہاں سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کاگوادر سے آغاز ہوچکا ہے،گوادرمیں 40 ملین ڈالر کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں اور یہاں پاکستان کا تیسرا بڑا ائیرپورٹ بنایا جارہا ہے،، مکران میں 17 ارب روپے کی لاگت سے ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی۔ نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرنے کیلئے انٹرنیٹ سے متعلق سہولیات فراہم کریں گے۔پاکستان میں کرپشن میں اضافے پر ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر رد عمل میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ موجودہ حکومت کا اب تک کرپشن کے حوالے سے کوئی بڑا اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ کرپشن صاف کرنے کے لیے 15 مہینے ناکافی ہیں، حکومت کرپشن زدہ نظام اورکرپشن سے فائدہ اٹھانے والوں کو شکست دے گی۔قبل ازیں معاون خصوصی اطلاعات نے کوئٹہ میں ریڈیو پاکستان کا دورہ کیا،سٹیشن ڈائریکٹر سہیل جعفراور کارکنوں نے معاون خصوصی کا استقبال کیا، سٹیشن ڈائریکٹر نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو ادارے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔بعدازاں اسلام آباد میں سینئرصحافی حنیف خالد کی کتاب”نصف صدی کا صحافتی سفر“کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ حکومت نے پہلی بار نیشنل میڈیا پالیسی متعارف کرائی ہے، حکومتی پالیسی صرف تشہیر تک محدود نہیں ہو گی۔ سینئرصحافی حنیف خالد کی کتاب”نصف صدی کا صحافتی سفر“کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صحافت آسان نہیں بلکہ مشکل پیشہ ہے، صحافی اپنے قلم سے معاشرتی بہتری کیلئے کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں صحافتی برادری کے کردار کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اور صحافت دونوں ساتھ ساتھ چلتے ہیں، ریاست اور صحافت کے اس سفر میں وزارت اطلاعات اپنا کردار ادا کرے گی، دیگر شعبوں کی طرح صحافتی شعبے کو معاشی چیلنج درپیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق اور فرائض کے درمیان توازن ہونا چاہیے، صحافیوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔
فردوس عاشق اعوان