تبدیلی کی صورت میں مسلم لیگ (ن) کا محورپنجاب،شہباز شریف کا وطن واپسی کا فیصلہ

تبدیلی کی صورت میں مسلم لیگ (ن) کا محورپنجاب،شہباز شریف کا وطن واپسی کا فیصلہ

  



لاہور(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وفاق کی بجائے پنجاب کو ترجیح دینے کا فیصلہ کر لیا جبکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے فروری کے وسط تک وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت مخالف اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں میں رابطوں کا سلسلہ شروع ہے اور مارچ میں ایک بار پھر تمام اپوزیشن جماعتوں کا ایک ہی پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک میں مارچ 2020 تک ممکنہ سیاسی تبدیلی کا امکان موجود ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدرا ور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ان ہاؤس تبدیلی کی صورت میں وزارت عظمیٰ کی پیشکش کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کے سامنے رکھا، جس پر مشاورت کے بعد نواز شریف نے کہا مرکز کی بجائے پنجاب میں اگر موقع ملے تو ضرور حکومت بنائیں کیونکہ موجودہ ملکی صورتحال میں وفاق میں حکومت بنانے سے پارٹی کے ووٹ بینک کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے، اگر پارٹی کو بچانا اور سیاست کرنی ہے تو پنجاب کو نظر انداز نہ کیا جائے۔پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اگر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو حکومت بنانے کا موقع ملتا ہے تو وہ مرکز کی بجائے پنجاب میں حکومت بنائے گی اور اپنا وزیر اعلیٰ لائے گی، اس پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کام بھی شروع ہوچکا ہے اور اپوزیشن میں شامل دیگر جما عتو ں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی رانا منان کا کہنا تھا موجودہ ملکی صورتحال میں پارٹی اپنا جمہوری کردار ادا کرے گی، پنجاب میں حکومت کا جانا ٹھہر چکا،(ن) لیگ نہ صرف مرکز بلکہ پنجاب میں بھی نالائق حکمرانوں سے عوام کو نجات دلائے گی۔ اس کیلئے تمام محب وطن جماعتوں سے رابطے کریں گے اور تمام جمہوری راستے اختیار کئے جائیں گے۔

ن لیگ محور

مزید : صفحہ اول