کامران بنگش کی لوکل گورنمنٹ سکول آمد، مستقل سٹاف کی تعیناتی بارے حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت

کامران بنگش کی لوکل گورنمنٹ سکول آمد، مستقل سٹاف کی تعیناتی بارے حکمت عملی ...

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ سکول خیبرپختونخوا بلدیات کے حوالے سے بہترین خدمات پیش کرر ہا ہے جن سے ماہرآفسر صوبے کی سطح پر عوامی خدمات کی اعلیٰ ڈیلیوری کے لئے تیار ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے لوکل گورنمنٹ سکول حیات آباد پشاور میں اپنے مختصر دورے کے دوران کیا۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حضرحیات اور دیگر حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ سکول کا اپنا ایک اعلیٰ کردار ہے جسے مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے لہذا اسی ضمن میں مستقل سٹاف اور ٹرینرز کی تقرری کے لئے حکمت عملی مرتب کی جائے۔ اس موقع پر کامران بنگش نے لوکل گورنمنٹ سکول میں جاری ٹریننگ سیشنز کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ سکول کو اکیڈیمیا اور دیگر پروفیشنلز کے ساتھ روابط بڑھانے چائیے تاکہ سکول سے فارغ التحصیل آفیسرز کی بہترین تربیت ہو پائے۔ جدید نصاب اور ٹیکنالوجی کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے معاون بلدیات نے کہا کہ وقت کی بدلتی ہوئی سوئی کے ساتھ نصاب میں تبدیلی جاری رکھی جائے اور تربیت دینے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال بھی یقینی بنایا جائے۔ کیونکہ بلدیات کے حوالے سے صوبے میں کام کو سائنسی بنیادوں پر آگے بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے تربیت یافتہ آفیسرز کی اشد ضرورت ہے۔لوکل گورنمنٹ سکول خیبرپختونخوا میں جاری تربیتی سیشنز اور دیگر امور پر سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حضرحیات نے معاون خصوصی کو بریفنگ بھی دی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر