پنجاب پولیس عوام کے تحفظ کیلئے شب وروز کوشاں، انعام غنی

پنجاب پولیس عوام کے تحفظ کیلئے شب وروز کوشاں، انعام غنی

  



لاہور(کرائم رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی آپریشنزپنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ پنجاب پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ، قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے اور پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے شب و روز کوشاں ہے اورماڈرن پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق دستیاب وسائل کے بہترین استعمال کے ساتھ ساتھ بھرپور انسدادی کاروائیوں اور جدید انویسٹی گیشن طریقہ کار کو فروغ دیا جارہا ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے قلع قمع کے ساتھ عوام کی حفاظت اور خدمت کے عمل میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تھانہ کلچر کی تبدیلی کیلئے صوبے کے تمام تھانوں کو ڈیجیٹائزکر دیا گیا ہے اور فرنٹ ڈیسک، حوالات اور ایس ایچ اوز کے کمروں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں جبکہ ان کیمروں کوآر پی او آفس، ڈی پی او آفس کے علاوہ سنٹرل پولیس آفس میں مانیٹر کیا جا تاہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ایس پی یو، سی ٹی ڈی، اینٹی رائٹ، ڈولفن اور پیروسمیت دیگر سپیشلائزڈ فورسز کے قیام سے پنجاب پولیس کی استعداد کار میں اضافہ ہوا ہے جس سے پولیس درپیش چیلنجز سے بہتر طور پر نبرد آزما ہورہی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اہلکاروں میں سٹریس مینجمنٹ سے متعلق مسائل کے ازالے کیلئے محکمے میں سائیکالوجسٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ سزاو جزا کے حوالے سے پنجاب پولیس میں انٹرنل اکاؤنٹیبلیٹی کا سخت نظام رائج ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں مطالعاتی دورے پر بیالیسویں سپیشل ٹریننگ پروگرام میں شامل افسران سے گفتگو اور انکے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریننگ سلیمان سلطان رانا اور اے آئی جی آپریشنز عمران کشور بھی موجود تھے۔ دورے کے اختتام پرایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی اور وفد کے سربراہ کے مابین اعزازی سووینئیرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

مزید : علاقائی