ٹیکن ماسٹر ارسلان ایش جاپان میں ٹائٹل کا دفاع کرینگے

        ٹیکن ماسٹر ارسلان ایش جاپان میں ٹائٹل کا دفاع کرینگے

  



لاہور۔(پ ر) EVO جاپان 2019ء جیت کر تاریخ رقم کرنے کے ایک سال بعد نوجوان ٹیکن ماسٹر ارسلان ایش ٹورنامنٹ میں ایک مرتبہ پھر شرکت کر کے تاریخ ساز کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ برس پہلی بار اپنی قسمت آزمانے کے بعد اس سال وہ اپنے حریف کوہدف بناتے ہوئے مقابلہ میں شامل ہو رہے ہیں۔ EVO جاپان 2019ء کا چیمپئن ہونے کی حیثیت سے ایش اس سال اپنے تاج کو برقرار رکھنے کے لئے کوشاں ہوں گے۔ ریڈ بل کے ساتھ ایک انٹرویو میں ٹیکن کا تاج رکھنے والے ارسلان ایش نے کہا کہ EVO جاپان 2020ء میں جانے کے لئے وہ اس بار کچھ مختلف محسوس کر رہے ہیں کیونکہ وہ عملی طور پر اپنے ٹائٹل کا دفاع کر رہے ہیں اور اسے جیتنے سے زیادہ اس ٹائٹل کا دفاع کرنا زیادہ مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دباؤ تو موجود ہے اور لوگ مجھ سے سامنا کرنے کے لئے تیار ی کر رہے ہیں۔ آپ نہیں جانتے کہ کیا ہوتا ہے لیکن میں یقیناً 100 فیصد کامیابی حاصل کروں گا۔ دباؤ زیادہ ہے لیکن ایش گھبرانے والے نہیں ہیں۔ ان کی پریکٹس کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ صبح 4 بجے اٹھ جاتے ہیں، نماز کی ادائیگی کے بعد جم چلے جاتے ہیں۔ اس کے بعد وہ سہ پہر سے لے کر رات 8 سے 9 بجے تک ٹیکن کی پریکٹس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ گزشتہ برس ورلڈ ٹوور کے دوران جو غلطیاں ہوئی ہیں، انہیں دوبارہ نہ دوہرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں روزانہ مختلف آرکیڈز پر جاتا ہوں تاکہ میں مختلف قسم کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا عادی ہو جاؤں اور مختلف خطرات اور حکمت عملیوں کا سامنا کر سکوں۔ایش کو یقین ہے کہ وہ مقابلہ کے لئے 80 سے 90 فیصد تیار ہیں۔ 2019ء میں ٹیکن ورلڈ ٹوور کے بعد سے انہوں نے اپنے کھلاڑیوں کی فہرست میں کزومی اور گیز کے علاوہ زفینہ کو بھی شامل کیا ہے۔ EVO جاپان 2020ء چند دنوں میں شروع ہو رہی ہے، ایش نے دنیا میں ٹاپ ٹیکن پلیئرز کا ٹائٹل برقرار رکھنے اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ 

OOO

مزید : کھیل اور کھلاڑی