الحمرا کا نوجوانوں کو موسیقی کی جدید تکنیک سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اقدام
لاہور(فلم رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمرا نے نوجوانوں کو موسیقی کی جدید تکنیک سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اہم اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس میں گلوکاری کی ایڈوانس کلاسز شروع کی جا رہی ہیں جس کے لئے داخلوں کا آغاز کر دیا گیا ہے جو 10فروری 2020تک جاری رہے گا۔ 15تا30برس کے نوجوان اس کورس میں داخلہ کے اہل ہوں،ایڈوانس کلاسز ہفتہ میں تین روز جمعرات تا ہفتہ ہوا کریں گی،کورس کا دورانیہ 6ماہ پر مشتمل ہوگا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے اس حوالے سے اپنے تاثرات میں کہا کہ اس اقدام کامقصد نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق گلوکاری کی تربیت فراہم کرنا ہے۔
،نوجوانوں کی تربیت کے لئے معروف گلوکاروں کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں جو نوجوانوں کو اپنے فنی تجربات سے آگاہ کریں گے۔انھوں نے کہا کہ نوجوان الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کی ایڈوانس کلاسز میں داخلہ حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کو نکھا ر سکتے ہیں، یہ ادارہ فنون لطیفہ کے شعبے میں تاریخی تدرسی خدمات سرانجام دے رہا ہے،جہاں سے سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان تعلیم و تربیت حاصل کر چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایڈوانس کلاسز میں تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کی روزانہ کی بنیادپر کارکردگی کاجائزہ لیا جائے گا۔