ایف اے ٹی ایف، امریکا کے بعد چین سے بھی پاکستان کیلئے اچھی خبرآگئی

ایف اے ٹی ایف، امریکا کے بعد چین سے بھی پاکستان کیلئے اچھی خبرآگئی
ایف اے ٹی ایف، امریکا کے بعد چین سے بھی پاکستان کیلئے اچھی خبرآگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر پاکستان کیلئے مثبت خبریں سامنے آرہی ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان کے موقف سے قائل ہوگئے ہیں۔ اور دوسری جانب اب چین نے بھی ایک بار پھر پاکستانی کوششوں پر اطمینان کااظہارکرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کی کوششوں کا ادراک کرے۔


سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی کے مطابق چین نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق مقامی سسٹم کو مستحکم کرنے میں بڑی کاوشیں اور پیش رفت کی ہے۔ اس سلسلے میں عالمی برادری کو پاکستان کی فعال سرگرمیوں کو تسلیم اور حوصلہ افزائی کرنا چاہیے۔


جمعرات کو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان کی پیش رفت سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاایف اے ٹی ایف ایک اہم بین الاقوامی فورم ہے، دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام اور منی لانڈرنگ کے خلاف جنگ سے انٹرنیشنل فنانسنگ سسٹم کا غلط استعمال روکنے میں مدد ملے گی۔ ترجمان نے کہاپاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق مقامی سسٹم کو مستحکم کرنے میں بڑی کاوشیں اور پیشرفت کی ہے۔عالمی برادری کو اس سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم اور اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔


ترجمان نے کہاہم توقع رکھتے ہیں کہ ایف اے ٹی ایف دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق سسٹم کی بہتری اور ٹیرر فنانسنگ کے خلاف موثر جنگ میں پاکستان کی تعمیراتی حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔ ترجمان نے کہا کہ ایشیاءپیسفک جوائنٹ گروپ کے صدر کی حیثیت سے چین بامقصد اور منصفانہ تعمیراتی رویہ برقرار رکھے گا اور متعلقہ بحث میں حصہ لے گا۔