احتساب اور ڈسپلن کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی: میاں اویس انجم

احتساب اور ڈسپلن کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی: میاں اویس انجم
احتساب اور ڈسپلن کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی: میاں اویس انجم

  



دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان تحریک انصاف انٹرنیشنل چیپٹر او آئی سی مڈل ایسٹ کے ڈپٹی سیکرٹری میاں اویس انجم نے کہا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن صاف شفاف اور پارٹی پالیسی کے مطابق ہوئے ہیں لہٰذا اس پر مزید تنقید ختم ہونی چاہیے۔ ہارنے والے بھی ہمارے بھائی اور ساتھی ہیں انہیں چاہیے کہ وہ عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھانے کے لیے ہمارے ساتھ چلیں اور اگلے انتخابات کی تیاری بھی کریں۔

میاں اویس انجم نے کہا کہ احتساب اور ڈسپلن کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی جبکہ پارٹی میں بھی ڈسپلن قائم رکھنا بے حد ضروری ہے لہٰذا ڈسپلن کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ اس سے پارٹی کی ساتھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام ہونے والے ایک اجلاس میں او آئی سی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری میاں اویس انجم کے ہمراہ پی ٹی آئی یو اے ای کے صدر خواجہ آصف کلیم اور دیگر نومنتخب عہدیداران نواز خان جدون، صبیحہ سیف، یاسمین کنول، عزیز اللہ، جاوید اقبال، عمران قیصر، زاہد چودھری اور دیگر ورکرز بھی موجود تھے۔

میاں اویس انجم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ان کا تعلق دیرینہ ہے جبکہ ممبر سازی کے سلسلہ میں انہوں نے گزشتہ سالوں کے دوران بہت کام کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی نومنتخب حالیہ باڈی انتھک گراﺅنڈ ورک کر کے سامنے آئی ہے۔ میاں اویس انجم نے ناراض ارکان سے کہا ہے کہ وہ وسیع القلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئئے ہمارے ساتھ آئیں اور عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں۔ پاکستان کے تحفظ اور استحکام کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بناتے ہوئے آئندہ انتخابات کی تیاری کریں۔

پی ٹی آئی یو اے ای کے صدر خواجہ آصف کلیم نے کہا کہ ہم امارات میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں گے اور کوشش کریں گے کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں اور لوگوں کی توقعات پر پورا اتریں۔ میاں اویس انجم نے مڈل ایسٹ کے دیگر ممالک کے بارے بتایا کہ انہوں نے مڈل ایسٹ میں واقع دیگر ممالک کا وزٹ شروع کردیا ہے اور وہاں بھی پی ٹی آئی کے نئے یونٹس کا جلد اعلان کردیا جائے گا جبکہ کچھ ممالک میں تنظٰم نو مکمل کرلی گئی ہے۔

نو منتخب ارکان پی ٹی آئی نے میاں اویس انجم کیا قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ان کے کام کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ پی ٹی آئی کے عہدیداران نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ وہ عمران خان کے ویژن کو مکمل کرنے کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

مزید : عرب دنیا /تارکین پاکستان