’’میرے پاس تم ہو ‘‘ کے مصنف خلیل الرحمان قمر کو نجی کالج کی لڑکیوں نے بڑی مشکل میں ڈال دیا

’’میرے پاس تم ہو ‘‘ کے مصنف خلیل الرحمان قمر کو نجی کالج کی لڑکیوں نے بڑی ...
’’میرے پاس تم ہو ‘‘ کے مصنف خلیل الرحمان قمر کو نجی کالج کی لڑکیوں نے بڑی مشکل میں ڈال دیا

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)’’میرے پاس تم ہو ‘‘ کے مصنف خلیل الرحمان قمر کو نجی کالج کی لڑکیوں نے بڑی مشکل میں ڈال دیا،ایک نجی کالج میں اے آر وائی ڈیجیٹل پر چلنے والے معروف ڈرامہ سیریل’ میرے پاس تم ہو‘ کے مصنف کی آمد پر طالبات نے احتجاج کیا اور کالج انتظامیہ کو خلیل الرحمان قمر کے ساتھ رکھے گئے بات چیت کے سیشن کو منسوخ کرنے پر مجبور کردیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق خلیل الرحمان کے ساتھ تبادلہ خیالات کے اس سیشن کی منسوخی کی خبریں سوشل میڈیا پر پھیلی تھیں۔کالج کی طالبات کا موقف ہے کہ خواتین کے ادارے میں کسی پروگرام کی میزبانی ایسے شخص کو نہیں سونپی جاسکتی جو خود خواتین مخالف خیالات رکھتا ہو۔

22 جنوری کو یہ تقریب صبح گیارہ سے 12 بجے تک ہونی تھی جس کا انتظام انسٹیٹوٹ سینٹر فار لرننگ اینڈ کلچرل ڈویلپمنٹ نے کیا اور اس میں ایک ڈائریکٹر کو بھی مدعو کیا گیا۔تاہم یونیورسٹی کے ایک فیکلٹی ممبر نے نام چھپانے کی شرط پرڈان نیوز کو اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ طالبات کے احتجاج پر اس ایونٹ کو منسوخ کیا گیا۔ذرائع کے بقول ان کا کالج سو سالوں سے خواتین کو آگے لانے کیلئے کام کررہا ہے اور وہ کسی ایسے فرد کی میزبانی ایسے سیشنز میں نہیں کرسکتے جو خواتین کے بارے میں اچھے خیالات نہ رکھتا ہو۔اس حوالے سے فی الحال کینرڈ کالج کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو اپنے منفرد کرداروں کی وجہ سے خاصی شہرت سمیٹ رہا ہے۔ تاہم اس میں دکھائے گئے چند مناظر اور ڈائیلاگز کو بھی لوگوں کی بڑی تعداد نے خواتین مخالف قرار دیا ہے،ایک خاتون نے تو اس ڈرامہ کی آخری قسط کو نشر کرنے سے روکنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرچکی ہیں۔

دوسری جانب منفرد خیال کے حامل اس ڈرامہ کو لوگوں کی بہت بڑی تعداد پسند بھی کررہی ہے، اس ڈرامہ کی دو گھنٹوں پر محیط آخری قسط کل شب نہ صرف اے آر وائی ڈیجیٹل ٹی وی پر بلکہ ملک بھر کے سینما گھروں میں بھی دکھائی جارہی ہے۔

مزید : تفریح /علاقائی /پنجاب /لاہور