پہلے ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست، پاکستان نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

پہلے ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست، پاکستان نے سیریز میں 0-1 کی ...
پہلے ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست، پاکستان نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹی 20 میچ میں آل راﺅنڈر شعیب ملک کی عمدہ اور ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ تمیم اقبال اور محمد نعیم نے 71 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر تمیم اقبال شاداب خان کی گیند پر ڈبل لیتے ہوئے رن آﺅٹ ہو گئے، انہوں نے39 رنز کی اننگز کھیلی۔

پراعتماد آغاز کے بعد یکے بعد دیگرے بنگلہ دیش کے تین کھلاڑی آﺅٹ ہو گئے جس کے باعث بڑا ہدف دینے کی جانب بڑھتے قدم بھی سست پڑ گئے۔ مہمان ٹیم کی دوسری وکٹ 98 کے مجموعی سکور پر گری اور لٹن داس بھی 12 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بن گئے جنہوں نے اپنی ہی گیند پر تھرو کر کے انہیں رن آﺅٹ کیا۔

بنگال ٹائیگرز کی تیسری وکٹ بھی 98 کے مجموعی سکور پر گری اور محمد نعیم 43 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے حارث رﺅف نے 119 کے مجموعی سکور پر عفیف حسین کو 9 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کر دیا۔ بنگلہ دیش کی پانچویں وکٹ 128 کے مجموعی سکورپر گری اور سومیا سرکار7 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ کپتان محمود اللہ نے 18 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد میتھون نے 5 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے حارث رﺅف نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاسٹ باﺅلر محمد حسنین اور شاہین آفریدی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے جبکہ عماد وسیم اور شعیب ملک بھی کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے مقررہ ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے شعیب ملک نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ڈیبیو کرنے والے احسان علی نے 36 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں محمد حفیظ نے 17، افتخار احمد نے 16 اور عماد وسیم نے 6 اور محمد رضوان نے 5 رنز بنائے بنائے جبکہ کپتان بابراعظم بغیر کوئی سکور بنائے آﺅٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مستفیض الرحمان، امین الاسلام اور الامین حسین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے پاکستانی ٹیم کی قیادت بابراعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احسان علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد رضوان، شاداب خان، حارث رﺅف، شاہین آفریدی اور محمد حسنین شامل تھے۔

بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت محمود اللہ نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال، محمد نعیم، عفیف حسین، لٹن داس، سومیا سرکار، محمد میتھون، امین الاسلام، شفیع الاسلام، مستفیض الرحمان اور الامین حسین شامل تھے۔

مزید : اہم خبریں /کھیل