”مجھے یہ کہہ کر میدان میں بھیجا گیا تھا کہ تم نے۔۔۔“ میچ ختم ہوتے ہی احسان علی نے دلچسپ انکشاف کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ میں ڈیبیو کرنے والے احسان علی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پہلے نیچرل گیم کھیلنے کا کہا گیا مگر جلد دو وکٹیں گرنے کے بعد پلان دیدیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق پہلے میچ میں فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے احسان علی نے کہا کہ پہلا میچ تھا اس لئے تھوڑی گھبراہٹ ہو رہی تھی مگر دباﺅ محسوس نہیں ہوا کیونکہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کپتان بابراعظم سے بہت اعتماد ملا۔ پہلے کہا گیا تھا کہ اپنی نیچرل گیم کھیلو لیکن جب جلد ہی دو وکٹیں گر گئیں تو پھر پلان دیا گیا کہ کریز پر ٹھہرنا ہے اور شعیب ملک کا ساتھ دینا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری باﺅلنگ بہت اچھی ہے اس لئے پورا یقین تھا کہ ہم بنگلہ دیش کو 150 رنز سے پہلے روک لیں گے۔ وکٹ کافی مشکل تھی اور بال پھنس کر آ رہا تھا جس کے باعث کھیلنے میں مشکل پیش آ رہی تھی، وکٹ کے لحاظ سے ٹارگٹ اچھا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کل کے میچ میں اس سے بھی اچھا کھیلنے اور جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ ہوم گراﺅنڈ میں اپنے لوگوں کے سامنے کھیلنے کا لطف ہی الگ ہے اور مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔