آٹے کا بحران ہے یا نہیں؟ گھر آٹے کا ٹرک پہنچنے کے بعد عظمیٰ بخاری لاہور کی دکانوں پر پہنچ گئیں،حکومتی دعوؤں کا پول کھول دیا

آٹے کا بحران ہے یا نہیں؟ گھر آٹے کا ٹرک پہنچنے کے بعد عظمیٰ بخاری لاہور کی ...
آٹے کا بحران ہے یا نہیں؟ گھر آٹے کا ٹرک پہنچنے کے بعد عظمیٰ بخاری لاہور کی دکانوں پر پہنچ گئیں،حکومتی دعوؤں کا پول کھول دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) اپوزیشن، میڈیا اور عوام کی جانب سے آٹے کے بحران کا واویلا کیا جارہا ہے لیکن حکومت یہ بات ماننے کو تیار نہیں ہے کہ ملک میں آٹے کا بحران موجود ہے، مسلم لیگ ن کی خاتون ایم پی اے عظمیٰ بخاری نے آٹا بحران کی بات کی تو محکمہ خوراک نے ان کے گھر پورا ٹرک بھجوادیا، یہ صورتحال بننے پر عظمیٰ بخاری لاہور کے مختلف علاقوں میں نکل کھڑی ہوئیں اور حکومتی دعوؤں کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے آٹا بحران کی حقیقت جاننے کیلئے لاہور شہر کے علاقے سنت نگر کا رخ کیا اور چھوٹے دکانداروں اور عام لوگوں سے آٹے کے بحران کے حوالے سے بات چیت کی۔ عظمیٰ بخاری نے ایک دکان پر آٹا مانگا تو دکاندار نے کہا کہ آٹا نہیں ہے، عظمیٰ بخاری نے کہاحکومت تو کہتی ہے کہ بہت آٹا ہے، جس پر دکاندار نے کہا کہ آٹا صرف اخباروں میں آتا ہے لیکن مارکیٹ میں آٹا نہیں آتا، سنت نگر میں کسی بھی دکان سے آٹا نہیں مل رہا، 8 دن پہلے 50 توڑے آٹا ملا تھا۔
ایک اور دکاندار نے بتایا کہ مل والے آٹا نہیں دے رہے، ضلعی حکومت کے لوگ دکانوں کا وزٹ کرکے رپورٹ بنا کر لے جاتے ہیں لیکن آٹا مہیا نہیں کیا جاتا، آخری بار 15 سے 20 دن پہلے آٹا آیا تھا۔ پہلے جتنا چاہو آٹا ملتا تھا لیکن اب کوٹہ مقرر کردیا گیا ہے جس کے باعث گاہکوں کو پورا تھیلا نہیں دیتے بلکہ کھلا آٹا دیتے ہیں تاکہ علاقے کے سارے لوگوں کو آٹا مل سکے۔
ایک خاتون نے بتایا کہ حکومت نے آٹا مہنگا کردیا ہے لیکن اس کے باوجود کسی دکان سے مل نہیں رہا، دکاندار آٹے کا تھیلا نہیں دیتے بلکہ زیادہ سے زیادہ 5 کلو آٹا دیتے ہیں۔
ایک اور دکاندار نے بتایا کہ اس وقت مارکیٹ میں آٹا 75 سے 80 روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔ ایک دکاندار کے مطابق وہ 35 سال سے دکان چلا رہا ہے، مل مالک کہتے ہیں کہ 2300 سے 2400 روپے گندم کا ریٹ ہے تو ہم 800 روپے میں 20 کلو کا تھیلا کیسے دے دیں، 22 دن بعد آٹے کی سپلائی ملی ہے، یکم جنوری کے بعد 22 جنوری کو آٹا دیا گیا ہے۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کی ایم پی اے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت ماننے کیلئے تیار نہیں ہے لیکن آٹے کا بحران موجود ہے، وہ جان بوجھ کر ایسے علاقے میں آئی ہیں جہاں چھوٹے کریانہ سٹور ہیں اور ہزاروں لوگ روزانہ آٹا خریدتے ہیں لیکن صورتحال واضح ہوگئی کہ پوری مارکیٹ میں آٹا دستیاب نہیں ہے، حکومت نے میرے گھر آٹا طنز کیلئے بھیجا تھا۔