2020 میں پاکستانیوں کیلئے بیرون ملک 50 لاکھ ملازمتیں، جاپان نے 3 لاکھ 40 ہزار ویزوں کا اعلان کردیا، طریقہ جانئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) جاپان کی جانب سے پاکستان کے ہنر مند اور نیم ہنرمند افراد کیلئے 3 لاکھ 40 ہزار ویزوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق جاپان کے قونصل جنرل نے چیئرمین پوئپا سرفراز ظہور چیمہ سے ملاقات کی اور پاکستانیوں کیلئے ملازمتوں کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین پوئپا سرفراز ظہور چیمہ کے مطابق لائسنس یافتہ اوور سیز امپلائمنٹ پرموٹرز کے ذریعے افرادی قوت جاپان بھجوائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں برس 50 لاکھ پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
دوسری جانب صحافی عمر چیمہ کے مطابق افرادی قوت کی کمی پورا کرنے کیلئے جاپان 10 ممالک سے 3 لاکھ 40ہزار افراد لے گا ، ان میں پاکستان بھی شامل ہے کسی ملک کیلئے کوٹہ مختص نہیں بلکہ ویزہ درخواست گزار کی اہلیت پر منحصر ہے۔ جاپان کا ویزہ حاصل کرنے کیلئے متعلقہ ہنر اور جاپانی زبان کا امتحان پاس کرنا ہو گا۔
ہنرمند نوجوانوں کیلئے جاپان میں ملازمت کے مواقع، افرادی قوت کی کمی پورا کرنے کیلئے جاپان دس ممالک سے تین لاکھ چالیس ہزار افراد لے گا ان میں پاکستان بھی شامل ہے کسی ملک کیلئے کوٹہ مختص نہیں درخواست گزار کی اہلیت پر منحصر ہے متعلقہ ہنر اور جاپانی زبان کا امتحان پاس کرنا ہو گا pic.twitter.com/PDVjgAY4oJ
— Umar Cheema (@UmarCheema1) January 24, 2020
جاپان کی جانب سے 14 فیلڈز میں بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے ہنر مند اور نیم ہنر مند افراد کو ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ جاپان کی جانب سے جن شعبوں میں ملازمتیں دی جائیں گی ان میں کیئر ورکر، بلڈنگ کلیننگ مینجمنٹ ، مشین پارٹس اینڈ ٹولنگ انڈسٹریز، انڈسٹریل مشینری، الیکٹرک الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن انڈسٹریز، کنسٹرکشن انڈسٹری شپ بلڈنگ اینڈ شپ مشینری، آٹو موبل رپیئر ، ایوی ایشن انڈسٹری، اکاموڈیشن انڈسٹری، زراعت، فشری، فوڈ اینڈ بیوریجز، فوڈ سروس انڈسٹری شامل ہیں۔