بھارت نے پہلے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

بھارت نے پہلے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی ...
بھارت نے پہلے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

  

آکلینڈ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی لوکیش راہل اور شر یاس آئیر کی نصف سنچریوں کی بدولت بھارت نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی20 میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ اوپنرز نے نیوزی لینڈ کو 80رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا جس کے بعد مارٹن گپٹل 30رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔دوسرے اینڈ سے کولن منرو نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کپتان کین ولیم سن کے ہمراہ مجموعی سکور کو 116 تک پہنچا دیا۔

اس مرحلے پر نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب 59رنز بنانے والے کولن منرو کے بعد اگلے ہی اوور میں جارح مزاج آل راؤنڈر کولن ڈی گرینڈ ہوم بھی پویلین لوٹ گئے۔تین وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑیوں ولیم سن اور روس ٹیلر کی جوڑی نے میدان سنبھالا اور صرف 28 گیندوں پر 61رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے بڑے سکور کی بنیاد رکھی تاہم اختتامی اوورز میں میزبان ٹیم تیر رفتاری سے رنز نہ بنا سکی جس کا خمیازہ انہیں میچ میں شکست کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ ولیم سن نے 26 گیندوں پر 4 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 51 جبکہ ٹیلر نے 27گیندوں پر 3 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 54رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، شردل ٹھاکر، یوزویندر چھاہل، شیوم دوبے اور رویندرا جدیجہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم دوسرے ہی اوور میں ان فارم روہت شرما کی قیمتی وکٹ سے محروم ہو گئی لیکن اس کے بعد لوکیش راہل اور کپتان ویرات کوہلی وکٹ پر ڈٹ گئی اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 50گیندوں پر 99رنز بنا ڈالے جس کی بدولت بھارت نے ہدف کا تعاقب کامیابی سے جاری رکھا تاہم بھارتی ٹیم یکے بعد دیگرے دوسری اور تیسری وکٹ گنوا بیٹھی اور 56 رنز بنانے والے راہول کے بعد کوہلی بھی 45رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

دو اہم وکٹیں گرنے کے بعد میچ میں نیوزی لینڈ کی واپسی کی امید پیدا ہوئی اور ایش سودھی نے شیوم دوبے کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی لیکن شریاس ائیر نیوزی لینڈ کی فتح کی راہ میں حائل ہو گئے۔انہوں نے 29گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 58رنز بنا کر تن تنہا اپنی ٹیم ایک اوور قبل ہی ہدف تک رسائی دلا دی۔بھارت نے ایک اوور قبل ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے میچ میں 6وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔

مزید :

کھیل -