رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی، ریٹائرڈ فوجی افسر کے گھر سے ڈاکو کیا کچھ لے اڑے؟
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد میں ڈاکوﺅں نے ایک ریٹائرڈ فوجی افسر کے گھر ڈاکہ مار کر کروڑوں روپے کی نقدی، سونا اور دیگر اشیا لوٹ لیں، یہ سال 2020 کی اب تک کی سب سے بڑی ڈکیتی ہے۔
ڈکیتی کی واردات کراچی کے علاقے کینٹ میں ہوئی ۔ 19 جنوری کو ہونے والی ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو کرنل (ر) رمضان ملک کے گھر میں داخل ہوئے اور اہلخانہ کو اسلحے کی نوک پر یرغمال بنا کر ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا سونا، ایک کروڑ روپے کی غیر ملکی کرنسی اور 17 لاکھ روپے پاکستانی لوٹ لیے۔
کرنل (ر) رمضان ملک کی مدعیت میں ڈکیتی کا مقدمہ تھانہ صدر کراچی میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق 7 سے 8 ڈکیتوں پر مشتمل گروہ کار پر آیا اور اس نے ایک گھنٹے تک گھر میں لوٹ مار کی، تمام ملزمان نے ہاتھوں پر دستانے پہن رکھے تھے۔ ڈاکوﺅں نے گھر میں داخل ہوتے ہی اہلخانہ کے ہاتھ پاﺅں باندھ دیے اور ان کے منہ میں کپڑے ٹھونس کر انہیں ایک کمرے میں بند کرکے لوٹ مار کی۔