’میاں صاحب کے بائی پاس کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا‘ حسین نواز نے تشویشناک انکشاف کردیا
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا ہے کہ ان کے والد کو اگلے ہفتے ہسپتال میں داخل کرادیا جائے گا، دل کے بائی پاس کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔
پاکستانی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حسین نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو آئندہ ہفتے ہسپتال میں داخل کروا دیا جائے گا جہاں ان کا اینجو گرام کیا جائے گا،
انہوں نے کہا کہ اینجوگرام کے ذریعے دل کی بند شریانوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ انجیوگرم ٹیسٹ میں استعمال ہونے والی ادویات کا گردوں پر گہرا اثر پڑتا ہے، میاں صاحب کے گروں میں پہلے سے ہی تکلیف ہے اسی لیے شریانوں کی امیجنگ کے لیے استعمال کی جانے والی ادویات کی مقدار کو کم رکھا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں حسین نواز کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کے بائی پاس آپریشن کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا، اس بارے میں سرجن کی دستیابی کے بعد ہی بات کی جاسکے گی۔