تبدیلی حکومت کے18 ماہ میں ایک میگاوواٹ بجلی تو نہ بن سکی لیکن کرپشن میں تین گنا ترقی ہوئی:اکرام اللہ دھاریجو
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سندھ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ ملک اور عوام کے ساتھ سلیکٹڈ حکومت نے بیوقوف بنانے کی تاریخ رقم کی ہے،دس برس میں پہلی مرتبہ پاکستان زیادہ کرپشن کرنے والے ممالک کی فہرست میں تین درجے بڑھ گیا ہے اور یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ ملک میں پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ حکومت کے دورانیہ میں ایک میگاوواٹ بجلی بھی نہیں بن سکی۔
تفصیلات کے مطابق جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ صحافتی، انتظامی اور انتخابی کرپشن کرنے سمیت عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈال کر سلیکٹڈ حکومت کو اقتدار دیا گیا،جن لوگوں کی بنیاد ہی کرپشن پر رکھی گئی ہو ان کی حکمرانی میں یہی نتائج ہی مل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام مکمل بند ہیں،مہنگائی نے عام آدمی کا جینا حرام کردیا ہے،عام آدمی کی معاشی صورتحال بہتر کرنے کے بجائے نااہل کھلاڑی اور ان کی ٹیم صرف اور صرف جھوٹ بولنے پر مامور ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو دن رات کرپٹ کہنے والوں اور گالی گلوچ کی سیاست کا ٹرینڈ متعارف کرنے والوں کی حکومت کا ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا ہے،اب وفاقی حکومت ملک اور عوام پر حکمرانی کرنے کا جواز کھو چکے ہیں۔
صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ جو لوگ پارلیمنٹ میں ابھی تک ایک جامع قانون سازی نہیں کر سکے،ان کی حکمرانی میں ملک کیسے ترقی کرے گا،وفاق صوبوں کو حقوق دینے کہ بجائے اٹھارویں ترمیم ہر مسلسل ڈاکہ ڈا لا جا رہا ہے جس سے صوبے احساس محرومی کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے متعصبانہ رویے کے سندھ صوبہ کی عوام دن بہ دن احساس محرومی کا شکار ہوتے جارہے ہیں، وہ سندھ جو ملک کو 75% گیس کی فراہمی کر رہی ہے اس سندھ اور اس کے مکینوں کو گیس سے محروم رکھا جا رہا ہے جبکہ قدرتی وسائل پر قانون اور آئین کے مطابق عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے۔