مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی و سیاسی امور اورامن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کی مزید بہتری کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانے پر اتفاق کیا گیا اور مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ امن عامہ کی بہتری کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ صوبے میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں۔  عثمان بزدار سے  وزیر ریلویز اعظم خان سواتی نے ملاقات کی جس میں ریلویز کی اراضی پر قبضہ واگزار کرانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے امور پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں ریلویز کی زمینوں پر شجرکاری کے فروغ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پراجیکٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری ریلویز اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے میں ریلویز کی اراضی واگزار کرانے، شجرکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کے حوالے سے معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ریلویز حکام کے ساتھ مل کر اراضی واگزار کرانے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے گا۔ریلویز کو پنجاب پولیس کی پوری سپورٹ فراہم کریں گے اور ریلویز کی بنجر اراضی پر شجرکاری کیلئے بھی ہمارا تعاون آپ کے ساتھ ہوگا۔ سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ملاقات کی جس میں صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ صوبائی وزیر قانون نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔صوبے میں قانون کی پاسداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔کسی صورت قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے لئے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ نیا بلدیاتی نظام نچلی سطح پر لوگوں کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنائے گا اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔ ترقی کا سفر نچلی سطح تک لے کر جائیں گے اور پنجاب کے ہر شہر اورگاؤں میں ترقی کا نیا دورشروع ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن نے اڑھائی برس احتجاج کیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوامی خدمت۔ پی ڈی ایم کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ عوام نے اپوزیشن کی انتشار کی سیاست کو یکسر رد کر دیا ہے۔یہ عناصر عوام میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں۔ 

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -