افغانستان اور ازبکستان کیساتھ بینک معاہدوں پر کام جاری:عبدالرزاق داؤد

افغانستان اور ازبکستان کیساتھ بینک معاہدوں پر کام جاری:عبدالرزاق داؤد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(لیڈی رپورٹر)وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ افغانستان اور ازبکستان کیساتھ بینکنگ معاہدوں پر کام جاری ہے جن کے فائنل ہونے کے بعد ان ممالک کے ساتھ تجارت بہتر ہوگی۔ انہوں نے یہ بات لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان،سابق صدور میاں مصباح الرحمن اور چودھری ظفر اقبال سے لاہور چیمبر میں غیررسمی ملاقات کے موقع پر کہی۔ عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ اس خام مال پر ریگولیٹری اور ایڈیشنل ڈیوٹی ختم کردی جائے گی جو مقامی سطح پر تیار نہیں ہورہے جبکہ کسٹم ڈیوٹی میں بھی کمی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ لیدر، آم، آلو، کینو اور کھجور کی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے کونسلز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، امید ہے کہ اس سے بہترین معاشی نتائج برآمد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کا حصول حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ تجارتی خسارہ معیشت کے لیے نقصان دہ ہے، اس پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔  انہوں نے کہا کہ فارماسیوٹیکل، چاول، حلال گوشت، انجینئرنگ سیکٹر وغیرہ کو بھی وہی مراعات دی جائیں جو ایکسپورٹس سے وابستہ دیگر شعبوں کو دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدی شعبہ میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور سرٹیفیکیشن کی سہولیات بہتر کی جائیں۔ میاں طارق مصباح نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات زیادہ تر ٹیکسٹائل، چاول اور چند دیگر شعبوں پر منحصر ہیں، تجارت کے لیے نئی مصنوعات اور نئی منڈیوں پر توجہ دی جائے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ناصر حمید خان نے کہا کہ کاپر اور ایلومینیم کی ایکسپورٹ پر ڈیوٹی عائد کی جائے۔اگر برآمدات میں کئی گنا اضافہ کرنا ہے تو صرف ٹیکسٹائل سیکٹر پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔ 
 عبدالرزاق داؤد

مزید :

صفحہ آخر -