پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاست کے ایجنڈے میں عوام کو ریلیف پہنچانا نہیں:سراج الحق

پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاست کے ایجنڈے میں عوام کو ریلیف پہنچانا ...

  

 لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاست کے ایجنڈے میں عوام کو ریلیف پہنچانا شامل نہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کو بری طرح مایوس کیا، اس کے ووٹرز اور سپورٹرز بھی اب حیران و پریشان ہیں کہ ہم نے کتنی بڑی غلطی کر دی۔ سندھ اور مرکز آپس میں دست و گریبان، کراچی جیسے شہر کا کوئی پرسان حال نہیں۔ صنعتی ترقی کا پہیہ جام ہوگیا۔ زراعت تباہ، زرعی ملک ہونے کے باوجود گندم اور چینی کے لیے دوسروں کے محتاج ہو گئے۔ مزدور اور کسان رل گئے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور۔ عوام حکمرانوں کو گریبان سے پکڑنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے جدو جہد کر رہی ہے۔ ملک اور قوم کے تمام مسائل کا حل سود سے پاک معیشت اور اسلام کے عادلانہ و منصفانہ نظام کے قیام میں مضمر ہے۔ عوام نے فوجی اور سول ادوار کو دیکھ لیا۔ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ تین، تین بار حکومت کر چکی ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت کو بھی ڈھائی سال سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے۔ ملک میں حکومتیں تو تبدیل ہوتی رہیں لیکن عوام کی حالت نہیں بدلی، عوام کے خلاف ظالم و کرپٹ اشرفیہ، جاگیرداروں اور وڈیروں نے گٹھ جوڑ کر رکھا ہے۔عوام کو حکمرانوں کے اس ٹولے سے نجات کے لیے جدو جہد کرنی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی اور ضلع جنوبی کے تنظیمی دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تنظیمی اجتماع سے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری محمد اصغر، امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی نے بھی خطاب کیا۔ناظمین علاقہ جات نے جائزہ رپورٹ پیش کی۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔ آج شہر قائد کی چند بڑی سڑکوں کے علاوہ پورا شہر کھنڈرات بن چکا ہے۔ کچرے کے ڈھیر اور گندا پانی جگہ جگہ جمع ہے۔ جو حکومت کچرا نہ اْٹھا سکے وہ عوام کے دیگر مسائل کیا حل کرے گی۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -