پاکستان کرکٹ کو دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے، وسیم خان

پاکستان کرکٹ کو دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے، وسیم خان

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو اچھی گورننس کے ساتھ بورڈ کو چلا ر ہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ 14 برس بعد جنوبی افریقا کا پاکستان میں کھیلنا ایک جذباتی لمحہ ہے بڑی ٹیموں کا پاکستان آکر کھیلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کرکٹ کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے اور اب ہماری کوشش ہے کہ آئی سی سی ایونٹس کا انعقاد بھی پاکستان میں کیا جائے اور امید ہے کہ اس میں بھی کامیابی حاصل کریں گے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ کو دنیا کے کونے کونے میں لے کر جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تنقید کا سلسلہ چلتا رہتا ہے تاہم چیف ایگزیکٹو اور چیئرمین بھی اپنا کام کررہے ہیں، ہم اپنی کوشش میں اچھی گورننس کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ لیکن کام اپنی جگہ ہیں جو جاری رہیں گے لیکن ٹیم کی کارکردگی کی وجہ سے مایوسی ہونا فطری بات ہے، فینز ٹیم کے نتائج دیکھنا چاہتے ہیں۔

لیکن جب نتائج نہیں ملتے تو پھر تنقید بھی ہوتی ہے، تنقید ہر بورڈ پر ہوتی ہے اس کا کوئی ایشو نہیں ہے۔ وسیم خان نے تسلیم کیا کہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن اور پاکستان میں انٹر نیشنل سیریز کے حوالے سے تو کام ہوا ہے لیکن ایسوسی ایشنز کی عبوری کمیٹیوں کی تشکیل میں تاخیر ہو ئی ہے، اس میں تھورا وقت لگ گیا ہے لیکن کچھ چیزیں کنٹرول میں نہیں ہوتیں، دو سے تین ہفتوں میں ایسوسی ایشنز کی کمیٹیوں کا اعلان کر دیا جائے گا کلب کرکٹ کی سرگرمیاں باقاعدہ شروع کر رہے ہیں اور اس کے لیے رجسٹریشن بھی کر رہے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے معاملات کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال کے بارے میں وسیم خان نے کہا کہ بورڈ اور پی ایس ایل نے ایک ساتھ چلنا ہے، چھوٹے موٹے مسائل کو حل کر لیا ہے، فرنچائزز نے سرمایہ کاری کی ہے اور پاکستان کرکٹ میں آئندہ بھی کریں گے وسیم خان نے اپنے مستقبل کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے ابھی دو بڑے کام کرنے ہیں اس لیے توجہ انہی دو کاموں پر ہے،   ان میں ایک فیوچر ٹور پروگرام ہے اور دوسرا آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے لیے درخواستیں جمع کرانا ہے، اکتوبر نومبر تک آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کی درخواستیں دے دیں گے، ان میں آئی سی سی کے 7،8 ایونٹس شامل ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -