کوہاٹ میں جناز ہ گاہ کی از سرنو تعمیر شروع ہے، ضیاء اللہ بنگش 

کوہاٹ میں جناز ہ گاہ کی از سرنو تعمیر شروع ہے، ضیاء اللہ بنگش 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش کے فنڈز سے سوالکھ قبرستان کوہاٹ میں جنازہ گاہ کی از سر نو تعمیر کا کام زور شور سے جاری ہے۔ 50لاکھ کی لاگت سے زیر تعمیر جنازہ گاہ نمبر 1کا بیشتر کام مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ کچھ دنوں میں اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائیگا۔ جاری کام کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز مشیر آئی ٹی ضیاء اللہ خان بنگش نے سوالکھ قبرستان کا دورہ کیا اور جاری کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ و ہ کام کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے مقررہ وقت پر جنازہ گاہ کی تعمیر کو مکمل کریں تاکہ عوام کو جنازہ کی ادائیگی میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر مشیر آئی ٹی نے ٹھیکیدار محمد انور خان مروت کے کام کو سراہا۔ مشیر آئی ٹی کے ہمراہ ٹی ایم اے کوہاٹ کے ایکسین لعل غفار، اے ٹی او آئی سبحان الدین و علاقہ عمائدین کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ علاقہ عمائدین نے اس سوالکھ قبرستان کیلئے خصوصی فنڈز مختص کرنے پر مشیر آئی ٹی ضیاء اللہ خان بنگش کو خراج تحسین پیش کیا اور پورے کوہاٹ کی تعمیر و ترقی کیلئے خصوصی دلچسپی لینے پر مشیر آئی ٹی کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -