زیر تعمیر مکان پر قبضہ کرنے والے تین ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

زیر تعمیر مکان پر قبضہ کرنے والے تین ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

  

پشاور(کرائمز رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے تھانہ پھندو کی حدود اعجاز آباد میں زیر تعمیر مکان پر ناجائز قبضہ کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان نے مالک مکان کو اسلحہ کی نوک پر زیر تعمیر مکان سے بے دخل کر کے اس پر نا جائز قبضہ جما لیا تھا جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کا تعلق منظم قبضہ گروہ سے ہے جن کے قبضے سے زیر تعمیر مکان کا ناجائز قبضہ واگزار کرا کر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے  تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ پھندو پولیس کو اطلاع ملی کہ اعجاز آباد میں کچھ مسلح افراد نے ایک زیر تعمیر مکان میں گھس کر اسلحہ کی نوک پر مالک مکان کو بیدخل کر کے ناجائز قبضہ کر لیا ہے جس پر ڈی ایس پی گلبہار لقمان خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ پھندو ہمایون خان نے فوری کاروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر تین افراد جوہر خان ولد وارث،عزت خان ولد نوشاد اور شیر شاہ ولد خان شاہ ساکنان بڈھ بیر کو موقع پر ہی گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ تمام ملزمان کا تعلق منظم قبضہ گروہ سے ہے جنہوں نے شہری احسان الرحمان ولد عبدالرحمان سکنہ محلہ لاہوری کو بذور اسلحہ بیدخل کرنے اور اس کے زیر تعمیر مکان پر قبضہ کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -