قوم کا مستقبل بنانیوالے پسماندگی کا شکار ہیں،محمدفائق شاہ

قوم کا مستقبل بنانیوالے پسماندگی کا شکار ہیں،محمدفائق شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) امن ترقی پارٹی کے زیر اہتمام ''استاد کو عزت دو'' کے عنوان کے تحت مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں سینکڑوں اساتذہ اور والدین نے شرکت کی، مظاہرین نے استاد کو عزت دو، قوم کے معماروں کو خصوصی پے سکیل، پرائیویٹ سیکٹر کے متاثرہ اساتذہ کو خصوصی پیکیج اور کورونا کے دوران لاکھوں بے روزگار ہونے والے اساتذہ اور سکولوں کے نقصان پر امدادی پیکیج کے مطالبات درج تھے، مظاہرے کی قیادت چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ، اور آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر ملک ابرار حسین نے کی، انہوں نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران ہزاروں پرائیویٹ سکول بند، اور لاکھوں اساتذہ بے روزگار ہو چکے ہیں انہیں امدادی پیکیج دیا جائے انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، مگر معاشرے میں اس اہم طبقے کی مشکلات اور عزت کا خیال نہیں رکھا جاتا، دنیا بھر میں تعلیم، تربیت اور اساتذہ کو اہمیت دی جاتی ہے مگر یہاں تعلیم اور اساتذہ دونوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے اس سے بڑی بے حسی کیا ہو گی کہ قوم کا مستقبل بنانے والے غربت اور پسماندگی کا شکار ہیں، اسلام آباد میں سینکڑوں اساتذہ گزشتہ بارہ سال سے مستقل ہونے سے محروم ہیں، ہائی کورٹ اور کابینہ کمیٹی سے منظور شدہ سفارشات کے مطابق ان کو مستقل کیا جائے پی ایم ڈی سی، اور خیبر پختونخوا کے اساتذہ کی توہین کا ازالہ کیا جائے اور ایف آئی آر واپس لی جائے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تعلیم میں بہتری لانے کا وعدہ کیا تھا جو آج تک پورا نہیں ہوا، استاد کو عزت دو کے عنوان سے امن ترقی پارٹی نے میورنڈم برائے روشن مستقبل بھی پیش کیا۔ صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن ملک ابرار حسین نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر بند تعلیمی ادارے کھولے جائیں ان سے لاکھوں اساتذہ کا روزگار اور طلباء کا مستقبل وابستہ ہے۔