علی زیدی کا توہین آمیز رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں،نوید بھٹی

    علی زیدی کا توہین آمیز رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں،نوید بھٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس نوید بھٹی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر علی زیدی کا وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ توہین آمیز رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔پی ٹی آئی نے ملک میں غیر مہذب سیاست کی بنیاد رکھنے والے جماعت ہے۔وفاقی حکومت سید مراد علی شاہ کی جانب سے سندھ بھرمیں ہونے والے ترقیاتی کاموں سے گھبراہٹ کا شکار ہے۔وزیراعظم عمران خان اپنے وزراء کو لگام ڈالنے کی بجائے ان کی حوصلہ افزائی میں مصروف ہیں۔ہفتہ کو جاری بیان میں نوید بھٹی نے کہا کہ کراچی کی ترقیاتی کاموں کے حوالے سے قائم کمیٹی میں وفاقی وزیرعلی زیدی کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔علی زیدی کو اس بات کا بھی علم نہیں ہے کہ کسی صوبے کے چیف ایگزیکٹو کے ساتھ کس طرح بات کی جاتی ہے۔انہوں نے اپنے رویے سے ثابت کیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے تربیت یافتہ وزیر ہیں جس نے ملک میں غیرمہذیب سیاست کی بنیاد رکھی ہے۔نوید بھٹی نے کہا کہ علی زیدی کے رویے کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے ایک خفیہ خط وزیراعظم کو ارسال کیا لیکن اس کو خط جان بوجھ کر میڈیا پر لیک کردیا گیا۔پی ٹی آئی اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے پیپلزپارٹی کی جانب سے صوبہ سندھ میں کرائے جانے والے ریکارڈ ترقیاتی کاموں کو پس منظر میں لے جانا چاہتی ہے لیکن وہ یہ بات نہیں جانتی ہے کہ عوام ان کی اصلیت سے واقف ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علی زیدی کے خلاف پیپلزپارٹی کے کارکنوں میں شدید غم و غصے پایا جاتا ہے۔وفاقی وزیر فوری طور پر اپنے رویے پر معافی مانگیں۔