حکومت کی غریب دشمن پالیسیوں کے خلاف ملک کی بڑی مذہبی جماعت نے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا

حکومت کی غریب دشمن پالیسیوں کے خلاف ملک کی بڑی مذہبی جماعت نے عوامی رابطہ مہم ...
حکومت کی غریب دشمن پالیسیوں کے خلاف ملک کی بڑی مذہبی جماعت نے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان نے دینی اقدار کے تحفظ اور استحکام پاکستان کے تحت عوامی رابطہ مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا ہے، حکومت کی غریب دشمن پالیسیوں کے متعلق عوام میں شعور بیدا کیا جائے گا ،مہنگائی اور بے روزگاری کی ماری قوم کو پہلے پانامہ اور اب براڈشیٹ کی لوری دی جارہی ہے،براڈشیٹ کی انکوائری کے لیے سیاسی انجینئرنگ کی جارہی ہے،انکوائری کمیشن کے ارکان کے لیے پارلیمنٹ کی منظوری لی جائے،اپوزیشن کو دیوار سے لگانے سے جمہوریت کا پہیہ نہیں چلے گا۔

مرکز اہل حدیث  میں مرکزی کابینہ اور مجلس عاملہ کے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے سینیٹر پروفیسر ساجد میر نےکہا کہ  عوامی رابطہ  مہم کے تحت ملک بھر میں  جلسے،سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا،حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف عوامی شعور بیدار کیا جائے گا ۔اُنہوں نے کہا کہ  حکومت احتساب کے نام پر مخالفین کی سیاسی ٹارگٹ کلنک کررہی ہے،احتساب بلاتفریق تمام اداروں کا ہونا چاہیے، مینڈیٹ چوری کرنے والوں کا کون احتساب کرے گا؟ ۔سینیٹر پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ امریکہ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا ،نومنتخب امریکی صدر افغانستان سے اپنی فوج کے انخلاء کا ٹائم فریم دیں،اقوام متحدہ میں مذہبی مقدسات کے احترام کی قرارداد خوش آئند ہے۔

اجلاس میں علامہ حافظ ابتسام الہیٰ ظہیر، مولانا عبدالرشید حجازی،حافظ یونس آزاد، چوہدری کاشف نواز رندھاوا، ڈاکٹر زعیم الدین لکھوی، ڈاکٹر حماد لکھوی، حاجی نواز مغل ، علامہ شفیق خاں پسروری، قاری صہیب میرمحمدی،ڈاکٹر ریاض الرحمن یزدانی،حافظ عبدالحمید جہلمی،مولانا محمد سلیمان،مولانا سبطین شاہ،قاری سالم، ابراہیم محمدی ، نجیب اللہ طارق ، حافظ عتیق اللہ عمر ، فیصل افضل شیخ ، سلمان اعظم ، ودیگر نے شرکت کی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -