سردی اچانک کیوں بڑھی؟محکمہ موسمیات نے وجہ بتا دی

سردی اچانک کیوں بڑھی؟محکمہ موسمیات نے وجہ بتا دی
سردی اچانک کیوں بڑھی؟محکمہ موسمیات نے وجہ بتا دی
سورس: File

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری نے سردی کی شدت بڑھا دی۔ سوات، لوئر دیر، وادی لیپہ، چلاس، دیامر اور نیلم میں برفباری ہوئی جبکہ مظفر آباد، مانسہرہ، سیدو شریف میں بارش ہوئی۔ مری میں 24 گھنٹے کے دوران 6 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی اور ملک بھر سے سیاحوں نے ملکہ کوہسار کا رخ کر لیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ایک روز میں 35 ہزار سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں۔ سڑکوں پر برف جم جانے کے باعث پولیس نے سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کر دی جبکہ ایبٹ آباد کو مری سے ملانے والی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو بھی خبردار کر دیا۔

کراچی میں سردی کی نئی لہر کا امکان ہے اور درجہ حرارت 7 ڈگری تک گرنے کی پیشگوئی کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید دھند کا سلسلہ جاری ہے۔ موٹروے کو ایم تھری لاہور سے سمندری تک بند کر دیا گیا جبکہ قومی شاہراہ پر لاہور، قصور، مانگا منڈی سمیت کئی مقام پر حد نگاہ 100 میٹر تک رہ گئی۔

ٹھوکر نیاز بیگ سے شیخوپورہ انٹرچینج تک ٹریفک کو بند کر دیا گیا تھا جسے صبح دھند کم ہوتے ہی کھول دیا گیا جبکہ موٹروے ایم ٹو بھی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی تاہم پولیس نے شہریوں کو غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔