ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈی نیشن ایجنسی نے پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی

ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈی نیشن ایجنسی نے پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی
ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈی نیشن ایجنسی نے پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ترک کواپریشن اینڈ کوارڈی نیشن ایجنسی (ٹی آئی کے اے) کے پروگرام کوارڈینیٹر برائے پاکستان محسن بالچی نے پاکستانیوں کو ایک بڑی خوشخبری سنا دی ہے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق محسن بالچی نے کہا ہے کہ ترک کی یہ سرکاری امدادی اجنسی 2022ءمیں پاکستان میں تعلیم، صحت اور زراعت کے شعبوں میں کم و بیش50ترقیاتی منصوبے شروع کرے گی۔ محسن بالچی کی طرف سے یہ اعلان ’ٹی آئی کے اے‘ کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا۔ ترکی کی یہ سرکاری امدادی ایجنسی1992ءمیں قائم کی گئی تھی، جس کا مقصد سوویت یونین کے انہدام کے بعد مختلف ممالک کی مدد کرنا تھا۔ 

محسن بالچی کا کہنا تھا کہ” ٹی آئی کے اے اس وقت 150سے زائد ممالک میں کام کر رہی ہے اور ایجنسی کے قیام کے بعد سے اب تک ہم بلقان سے افریقہ اور مشرق وسطیٰ سے لاطینی امریکہ تک مختلف ممالک میں 30ہزار سے زائد منصوبے مکمل کر چکے ہیں۔ “ ان کا کہنا تھا کہ ”پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور ہمیں اپنے برادر ملک کو تکنیکی مدد دینے میں بے حد خوشی ہوتی ہے۔ پاکستان ہمارے لیے کوئی غیر ملک نہیں ہے۔ اس قوم نے ہمیشہ غیرمشروط طور پر ہمارا ساتھ دیا ہے اور ہمارے دل ایک دوسرے کے لیے دھڑکتے ہیں۔ان نئے منصوبوں کے ذریعے ہم پاکستان کے ساتھ صحت، تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے جا رہے ہیں۔“

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -