مذہبی شخصیت سے شادی کی افواہوں پر حمیمہ ملک بھی میدان میں آگئیں

مذہبی شخصیت سے شادی کی افواہوں پر حمیمہ ملک بھی میدان میں آگئیں
مذہبی شخصیت سے شادی کی افواہوں پر حمیمہ ملک بھی میدان میں آگئیں

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)ماڈل و اداکارہ حمیمہ ملک نے مذہبی شخصیت کے ساتھ اپنی شادی کی خبریں پھیلانے والے سوشل میڈیا پیجز، بلاگرز اور شوبز ڈیجیٹل آؤٹ لیٹس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہوں نے کوئی شادی نہیں کی۔

حمیمہ ملک نے انسٹاگرام پر اردو زبان میں کی گئی طویل پوسٹس میں اپنی شادی کی خبریں شائع کرنے والے بلاگرز اور سوشل میڈیا پیجز کو ییلو جرنلزم بھی قرار دیا۔حمیمہ ملک نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہر دوسرے مہینے ان کی شادی کسی نہ کسی شخصیت سے کرادی جا تی ہے اور یہ بات ان کے لیے اور ان کے خاندان کے لیے باعث شرم ہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ اداکارائیں چاہتے ہوئے بھی ان معزز شخصیات کے ساتھ تصاویر شیئر نہیں کر سکتیں، جن کی وہ عزت کرتی ہیں، کیوں کہ کوئی بھی ایرا غیرا شخص یا بلاگر ان کی مذکورہ تصاویر کو اٹھا کر یہ دعویٰ کر دیتا ہے کہ اداکارہ نے شادی کرلی۔انہوں نے اپنی شادی کی جعلی خبروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو اپیل کی کہ انہوں نے کوی شادی نہیں کی اور یہ کہ وہ جب بھی ایسا کوئی فیصلہ کریں گی تو اس کا خود ہی اعلان کریں گی۔ 

انہوں نے دوسری پوسٹ میں ان بلاگرز اور سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کیا جنہوں نے اپنی ویوور شپ بڑھانے کے لیے ان سے متعلق غلط خبریں شائع کیں۔ماڈل نے یہ بھی لکھا کہ چلیں وہ تو اداکار ہیں، ان کا کوئی مسئلہ نہیں لیکن ان کے ساتھ جس معزز شخصیت کے لیے جھوٹ بولا گیا، وہ قابل احترام اور مذہبی و روحانی شخصیت ہیں اور وہ ان کے روحانی رہبر ہیں۔ساتھ ہی حمیمہ ملک نے واضح کیا کہ وہ جب بھی شادی کریں گی بلاگرز، صحافیوں اور سوشل میڈیا پیجز والوں کو پریس ریلیز کے ذریعے آگاہ کریں گی۔

اداکارہ نے مذکورہ وضاحتی پوسٹ ایک ایسے وقت میں کی ہے جب کہ حال ہی میں انہوں نے ڈاکٹر محمد جاوید نامی شخصیت کے ہمراہ تصاویر شیئر کی تھیں۔ڈاکٹر محمد جاوید روحانی شخصیت ہیں اور حمیمہ ملک کو ان کے ساتھ احترام و ادب کے ساتھ ملتے دیکھا گیا جب کہ روحانی شخصیت کے انسٹاگرام پر بھی اداکارہ کی تصاویر شیئر کی گئیں۔

مزید :

تفریح -