لندن(آئی این پی )برطانیہ کے شہزاد ہ ہیری نے برطانوی نیوز گروپ کے ساتھ تصفیہ کر لیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری کے برطانوی اخبار کے مالک نیوز گروپ کے ساتھ معاملات طے پا گئے۔برطانوی نیوز گروپ نے شہزادہ ہیری کے فون کی جاسوسی سمیت ان کی نجی زندگی میں مداخلت پر معافی مانگ لی اور ہرجانے کی ادائیگی پر بھی آمادگی دے دی۔برطانوی نیوز گروپ کے بیان میں کہا گیا کہ اپنے اخبار کی ڈیوک آف سسیکس کی نجی زندگی میں 1996 سے 2011 تک کی گئی سنگین مداخلت کی معافی چاہتے ہیں۔نیوز گروپ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ خبروں سے پرنس ہیری کے تعلقات، دوستی اور خاندان کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس ہے، پرنس ہیری کو پہنچنے والے نقصان پر ہرجانے کی ادائیگی کے لیے بھی تیار ہیں۔واضح رہے کہ شہزادہ ہیری نے لندن کی عدالت میں مقامی اخبار پر مقدمہ کیا ہوا تھا۔مقدمے میں شہزادہ ہیری ان کی والدہ لیڈی ڈیانا اور شاہی خاندان کے دیگر افراد کی ذاتی معلومات غلط طریقے سے حاصل کرنے اور بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا الزام تھا۔