نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع بھنڈارا میں آج صبح ایک آرڈیننس فیکٹری میں خوفناک دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں آٹھ مزدور ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز پانچ کلومیٹر دور تک سنی گئی۔
وفاقی وزیر نتن گڈکری نے دوپہر کو ایک تقریب کے دوران اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا "بھنڈارا میں آرڈیننس فیکٹری میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے، جس میں آٹھ افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں۔ یہ ابتدائی معلومات ہیں۔ ہم ان افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کریں۔"
این ڈی ٹی وی کے مطابق دھماکہ صبح ساڑھے 10 بجے اسلحہ فیکٹری کے "ایل ٹی پی سیکشن" میں ہوا۔ حادثے کے فوراً بعد فائرفائٹرز اور میڈیکل ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی۔ دھماکے سے فیکٹری کی چھت گر گئی، جس کے نیچے کئی مزدور پھنس گئے۔ ابتدائی کارروائی میں تین افراد کو زندہ بچایا گیا جبکہ ایک کی لاش برآمد ہوئی۔ ملبہ ہٹانے کے لیے ایک کھدائی کرنے والی مشین کا استعمال کیا جا رہا ہے۔دھماکے کے باعث فیکٹری سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا جسے دور سے ویڈیو میں قید کیا گیا۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ اعلیٰ حکام جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور ناگپور سے ریسکیو ٹیمیں بھیج دی گئی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اگر ضرورت پڑی تو طبی ٹیمیں بھی مدد کے لیے تیار ہیں۔