ٹورنٹو (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی اور سینئر وکیل سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت ایک اَن گائیڈڈ میزائل ہیں۔ وہ اچھے آدمی ہیں مگر جارحانہ انداز میں تیز بھاگتے ہیں، جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
روز نامہ جنگ کے مطابق انھوں نے کہا کہ اگر وہ سلمان اکرم راجہ یا بیرسٹر گوہر کو گالیاں دینا شروع کر دیں اور کہیں کہ میں ہی سب کچھ ہوں تو بانی پی ٹی آئی کو انہیں ”شٹ اپ کال“ دینا ہی پڑتی ہے، اس بیان کے بعد اب وہ میرے پیچھے پڑ جائیں گے۔
سردار لطیف کھوسہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کینیڈا کے ایک گروپ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کی جس کا اہتمام مقامی عہدیداروں کرنل (ر) سہیل انور، سلمان ارشد اور کاشف یوسف نے کیا تھا۔
سردار لطیف کھوسہ نے مختلف سوالوں کے جواب میں کہا کہ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ اگر کسی کو غلط فہمی ہے تو وہ بانی پی ٹی آئی کو مائنس کر کے اپنے علاقے بلکہ اپنے گھر نہیں جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کی حکومت آئے گی تو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیں گے بلکہ الیکشن لڑنے کا حق بھی ہو گا اور اس سلسلے میں پابندیوں کو ختم کر دیں گے۔
سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے امریکا مداخلت کرے۔ ہم عوام کی حمایت چاہتے ہیں اور بانی پی ٹی آئی جلد رہا ہوں گے۔