برطانیہ، طیارہ 35 مسافروں کو ایئرپورٹ پر بھول کر پرواز کر گیا
لندن(آ ئی این پی )برطانیہ میں ایک انوکھے واقعہ میں طیارہ 35 مسافروں کو ایئرپورٹ پر بھول کر پرواز کر گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلائٹ ایل ایس 879 مانچسٹر سے اسپین کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ مگر اسپین کے ساحلی علاقوں میں تعطیلات منانے کے خواہشمند مسافروں کو اس وقت جھٹکا لگا جب انہوں نے عملے کو بورڈنگ پاسز دکھائے اور طیارے کی جانب روانہ ہوئے لیکن جہاں پہنچے وہاں طیارے کے بجائے ڈیڈ اینڈ تھا۔35 سے زائد مسافر ائیرپورٹ میں 40 منٹ تک بھٹکتے رہے ، ایک مسافر کا کہنا تھا کہ ہم سمجھ رہے تھے کہ عملے کا کوئی فرد دروازہ کھولے گا یا کوئی شٹل سروس ان کی منتظر ہو گی۔مسافر نے کہا کہ 40 منٹ تک کچھ نہیں ہوا تو وہ پریشان ہو گئے ،واپس لوٹے تو اس وقت تک طیارہ انہیں لیے بغیر روانہ ہو چکا تھا۔ دوسری جانب کمپنی کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
