جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز نے فی شیئر 45 روپے منافع کی منظوری دے دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز لمیٹڈ نے گزشتہ مالی سال کے لیے فی شیئر 45 روپے نقد منافع کی منظوری دے دی۔
جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز لمیٹڈ کا 36 واں سالانہ جنرل اجلاس ہفتے کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت گروپ ڈائریکٹر فنانس محمد رفیق نے کی۔ اجلاس میں کمپنی سیکریٹری مسعود اے۔ ملہی، سینئر مینجمنٹ اور شیئر ہولڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ممبران نے گزشتہ مالی سال کے سالانہ مالیاتی گوشواروں کی منظوری دی، مالی سال کے لیے فی شیئر 45 روپے نقد منافع کی منظوری دی، جبکہ 30 ستمبر 2026 کو ختم ہونے والے آئندہ مالی سال کے لیے آڈیٹرز کی تقرری بھی کی گئی۔
قانونی امور کے علاوہ، کمپنی انتظامیہ نے شرکاء کو کارپوریٹ سماجی ذمے داری (CSR) کے تحت جاری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ ان منصوبوں میں دو ارب روپے سے زائد لاگت کا TICER منصوبہ نمایاں رہا، جو آئندہ چند ماہ میں فعال ہو جائے گا۔
ٹائسر جنوبی پنجاب کا پہلا جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہے، جو جدید آئی ٹی تعلیم پر مرکوز ہے۔ اس منصوبے کا مقصد جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق باصلاحیت بنانا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
