کراچی ‘کلفٹن میں چینی قونصل خانے کے قریب بم دھماکہ‘رینجرز اہلکار سمیت 2افراد زخمی

کراچی ‘کلفٹن میں چینی قونصل خانے کے قریب بم دھماکہ‘رینجرز اہلکار سمیت ...

  

کراچی(آئی این پی) کراچی کے علاقے کلفٹن میں پیر کو چینی قونصل خانے کے قریب بم دھماکے میں رینجرز اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔جبکہ دو گاڑیاں اور تین موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ۔ پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ موٹرسائیکل چینی قونصل کے قریب پارکنگ میں کھڑی تھی۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز اور پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ایس ایس پی آصف اعجاز کے مطابق دھماکے سے رینجرز اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوا۔ تین موٹر سائیکلوں اور ردوگاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ زخمیوں کو فوری جناح اسپتال پہنچایا گیا۔ یہ علاقہ ریڈ زون میں شامل ہے جہاں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہوتے ہیں۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بم آٹھ سے دس کلو وزنی تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کلفٹن دھماکے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -