ملک کو توانائی بحران سے نکالنے کیلئے تھر کے کوئلے سے مکمل استفاد ہ کیا جائے:صدر زرداری
کراچی (این این آئی) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو توانائی کے بحران سے نکالنے کےلئے تھر کے کوئلے سے مکمل استفادہ کیا جائے۔ تھر میں کوئلے کے ذخائر سے بجلی اور دیگر توانائی حاصل کرنے کےلئے جنگی بنیادوں پر قلیل، درمیانی اور طویل المدت پالیسیوں کو مرتب کرکے ان پر کام فوری شروع کیا جائے۔ وفاقی حکومت تھرکول پروجیکٹ کےلئے فنڈز کا فوری اجراءکرے تاکہ جلد سے جلد کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کےلئے پروجیکٹ فوری کام شروع کرسکے۔ وہ پیر کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاﺅس میں تھرکول کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ صدر کو تھرکول پروجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بتایاگیا کہ تھرکول پروجیکٹ شروع کرنے کےلئے فنڈز درکار ہیں۔ صدر نے کہا کہ تھرکول منصوبہ ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اگر اس شعبے پر کام کیا جاتا تو آج ملک میں توانائی کا بحران نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ تھرکول منصوبہ ایک بڑی انفرادی حیثیت کا حامل ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ تھر کے جن علاقوں میں کوئلے کے ذخائر ہیں وہاں انفرااسٹرکچر کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ صدر نے کہا کہ تھرکول پروجیکٹ میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کےلئے وفاقی اور صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے۔ صدر نے مزید ہدایت کی کہ تھر میں فوری طور پر بجلی کے چھوٹا میگا یونٹ فوری قائم کئے جائیں۔ صدر نے مزید کہا کہ اس پروجیکٹ کی تکمیل کی راہ میں جو رکاوٹیں ہیں حکومت انہیں دور کرے گی۔