ایم ڈی سوئی گیس کا لاہور ریجن کے دفتر پر چھاپہ، 6 ڈرائیور معطل
لاہور ( خبر نگار ) ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمید نے گزشتہ روز ایس این جی پی ایل لاہور ریجن کے دفتر کا اچانک دورہ کیا اور غفلت اور لاپرواہی برتنے پر شعبہ ڈرائنگ کے 6ملازمین کو ملازمت سے معطل کر دیا۔ اس موقع پر جنرل مینجر لاہور ریجن سہیل گلزار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ عارف حمید نے کہا کہ سست اور کاہل افراد کی کمپنی میں کوئی جگہ نہیں ہے شعبہ ڈرائنگ کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔ اس کےلاوہ انہوں نے ریجن کے دیگر شعبوں کا بھی دورہ کیا۔ عارف حمید نے ریجن میں تعمیر کئے جانے والے نئے کسٹمر سروس سنٹر کی نئی عمارت کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی اس سنٹر کو جلد از جلد آپریشنل کیا جائے ۔ اس موقع جنرل مینجر سہیل گلزار نے بتایا کہ سنٹر مکمل طور پرتیار ہوچکا ہے اور صرف فرنیچر خریدنا باقی رہ گیا ہے۔ عارف حمید نے کہا کہ اس طرح کے سنٹر دیگر شہروں کے ریجنل دفاتر میں بنائے جائیں گے۔ عارف حمید نے جنرل مینجر کے کمرے میں بیٹھ کر ریجن کے دیگر افسروں اور ملازمین سے ملاقات کی ۔