افسران محکمہ مال رمضان بازاروں کی ڈیوٹیوں میں مصروف‘مافیا نے سرکاری زمینوں پر تعمیرات شروع کردیں
لاہور(اپنے نمائندے سے) محکمہ مال کے اعلیٰ افسران بازاروں اور پرائس کنٹرول کی ڈیوٹیوں میں مصروفیت دیکھ کر ہر بنس پورہ کے لینڈ مافیا نے سرکاری زمینوں پر تعمیرات کرنے کی سپیڈ دوگنا تیز کر دی ہے مزید معلوم ہوا ہے کہ ہر بنس پورہ کے علاقہ رانی پنڈ، عاصم ٹاﺅن، علی ٹاﺅن، تاج پورہ سکیم، جناح پارک، ڈیا پل، نذیر گارڈن ، ہجویری ہاﺅسنگ سکیم، ڈیرہ حکیماں ، مدنی ٹاﺅن اور ریلوے لائنوں کے اردگرد سنٹر گورنمنٹ کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد وں پر دھڑا دھڑ تعمیرات کی جارہی ہے دوسری جانب محکمہ مال کے اعلیٰ افسران ان تعمیرات کو روکنے کی بجائے رمضان بازاروں کی دکھ بھال کرنے اور پرائس کنٹرول کی ڈیوٹیاں سنبھا لنے میں مصروف ہیں مزید انکشاف ہوا ہے کہ ہر بنس پورہ میں جاری کی جانے والی تعمیرات کو نہ روکنے اور اعلیٰ افسران کو اس کی رپورٹ نہ کرنے کی شرائط پر ریو نیو سٹاف کو بھاری قیمت بھی دی گئی ہے حیران کن بات یہ ہے کہ ہر بنس پورہ میں سنٹرل گورنمنٹ کی زمینوں پر نہ صرف پلاٹوں کی صورت میں چہار دیواریاں بنائی جارہی ہیں بلکہ عالیشان گھر اور کھوٹھیاں بھی تعمیر کی جارہی ہیں ہر بنس پورہ میں دن رات سنٹرل گورنمنٹ کی زمینوں پر تعمیرات کرنے والے لینڈ مافیا نے سینکڑوں کی تعداد میں مزدور کام پر لگا رکھے ہیں جبکہ اس ضمن میں مقامی شہریوں کی جانب سے بار بار متعلقہ ریونیو کے افسران کو اطلاع بھی دی گئی ہے مگر نہ کسی جگہ پر تعمیرات روکی گئی ہے اور نہ ہی اعلیٰ افسران سنٹرل گورنمنٹ کی اراضی پر تعمیر کرنے والے لینڈ مافیا کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں لارہے ہیں جس کے پنجاب حکومت کے لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کرنے اور سرکاری زمینوں کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کرنے کے لئے جانے والے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں اور موضع ہر بنس پورہ میں سرکاری زمینوں پر تیزی سے پختہ تعمیرات کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے شہریوں نے ڈی سی او لاہور نور الامین اور کمشنر لاہور جواد رفیق سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔