سری لنکا اور بھارت کے درمیان دوسرا ون ڈے آج ہوگا

سری لنکا اور بھارت کے درمیان دوسرا ون ڈے آج ہوگا

  

ہمبنٹوٹا(نیٹ نیوز) سری لنکا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ آج مہندا راجاپاکسے انٹرنیشنل سٹیڈیم، ہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا۔ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔ بھارت کو پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، دھونی الیون نے پہلے میچ میں 21 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔ واضح رہے کہ سری لنکا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے ون ڈے میچوں میں بھارتی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔ بھارتی ٹیم 72 اور سری لنکا 51 میں فتح یاب رہی۔ سری لنکا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 1979 سے لیکر اب تک مجموعی طور پر 135 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچز کھیلے گئے، عمدہ کھیل کی بدولت بھارتی ٹیم کی جیت کا تناسب زیادہ ہے۔ بھارتی ٹیم 72 میچوں میں فتح یاب رہی جبکہ سری لنکا کے ہاتھ 51 کامیابیاں آئیں اور دو میچ ٹائی ہوئے۔ اسلئے بھارتی ٹیم کو ون ڈے میچوں میں سری لنکا پر نفسیاتی برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں 1979 میں پہلی بار مانچسٹر کے مقام پر آمنے سامنے ہوئیں جس میں سری لنکا کی ٹیم 47 رنز سے فتح یاب رہی جبکہ دونوں ٹیمیں آخری بار رواں سال ڈھاکہ کے مقام پر مد مقابل آئیں جس میں بھارتی ٹیم 50 رنز سے کامیاب رہی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ 28 جولائی، چوتھا 31 جولائی اور پانچواں 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -