امیرِقطر کی شاہ عبداللہ سے جدہ میں بات چیت

امیرِقطر کی شاہ عبداللہ سے جدہ میں بات چیت
امیرِقطر کی شاہ عبداللہ سے جدہ میں بات چیت

  

جدہ( نیٹ نیوز)قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے اور ان سے دوطرفہ تعلقات،غزہ پر اسرائیلی جارحیت رکوانے سمیت علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ان دونوں عرب لیڈروں کی سعودی عرب اور قطر کے درمیان اس سال کے آغاز میں اخوان المسلمون اور بعض دوسرے ایشوز پر محاذ آرائی کے بعد یہ پہلی ملاقات ہے۔بعض میڈیا ذرائع کے مطابق قطر غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کو رکوانے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے اور اس سلسلے میں وہ سعودی عرب کی آشیرباد کا خواہاں ہے۔غزہ پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری اور گولہ باری کے نتیجے میں چھے سو فلسطینی شہید اور کم سے کم چار ہزار زخمی ہوچکے ہیں لیکن ابھی تک نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کو رکوانے کے لیے عرب ممالک اور ان کی نمائندہ تنظیم عرب لیگ کی جانب سے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی ہے اور ان کے لیڈر محض لفظی بیان بازی پر ہی اکتفا کررہے ہیں۔واضح رہے کہ مصر کی مذہبی سیاسی جماعت اخوان المسلمون کی حمایت اور مخالفت کے معاملے پر قطر اور دوسری خلیجی ریاستوں کے درمیان تعلقات میں سردمہری پائی جارہی ہے۔قطر اخوان کی حمایت کرتا رہا ہے اور اس نے مصر کے برطرف صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی حکومت کو کروڑوں ڈالرز امداد دی تھی جبکہ سعودی عرب سمیت دوسری خلیجی ریاستیں اخوان کی مخالف ہیں اور وہ موجودہ صدر عبدالفتاح السیسی کی حمایت کررہی ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -