اوور لوڈنگ ختم کرنے کیلئے مذید ٹرانسفارمر لگائے جا رہے ہیں،ترجمان این ٹی ڈی سی
لاہور(کامرس رپورٹر)حبس اور گرمی کی شدت اور ایئر کنڈیشنرز کے استعمال میں اضافے کی وجہ سے جگہ جگہ پر ٹرانسفارمر اوورلوڈ ، جلنے اور خراب ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ گزشتہ ہفتے بھی 220Kv بند روڈ گرڈ سٹیشن پر 160MVA کا ٹرانسفارمر اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے جل گیا جس سے علاقے کے مکینوں کو تکلیف برداشت کرنا پڑی جبکہ این ٹی ڈی سی نے متبادل ٹرانسفارمر سے بجلی کی ترسیل جاری رکھی اور 160MVA کی جگہ 250MVAکیپیسٹی کے بڑے ٹرانسفارمر کی تنصیب کا کام شروع کیا۔این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق کمپنی کے انجینئرز نے دن رات کام جاری رکھتے ہوئے محض 9 دن میں یہ کام سرانجام دیا۔ اس ٹرانسفارمر کی تنصیب سے لیسکو کے 132/11Kvکے گلشن راوی گرڈ سٹیشن، قرطبہ گرڈ سٹیشن، سید پور گرڈ سٹیشن، علامہ اقبال ٹاﺅن، جوہر ٹاﺅن کے گرڈ سٹیشنزکو بجلی کی ترسیل شروع کردی جس سے ان علاقوں میں اوور لوڈنگ، ٹرپنگ جیسے مسائل حل ہونگے۔