منتھلی لیکر”اوپر“پہنچاتے تھے ،گرفتارپولیس اہلکارو ں کا انکشاف

منتھلی لیکر”اوپر“پہنچاتے تھے ،گرفتارپولیس اہلکارو ں کا انکشاف

  

لاہور ( خبرنگار) اینٹی کرپشن لاہور ریجن کے سرکل افسر سید زبیر اخلاق کے ہاتھوں پولیس چوکی نادر آباد کے گرفتار محرر اشرف اور کانسٹیبل جاوید نے دوران تفتیش سنسی خیز انکشافات کیے ہیں۔جن میں گیسٹ ہاﺅسز، رکشہ سٹینڈز اورٹریکٹر ٹرالیوں سمیت مختلف افراد سے منتھلی اور رقم بٹور کر ”اوپر“ پہنچانے کا انکشاف کیا ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ریجن طارق محمود نے بتایا کہ گرفتاراہلکاروں کے انکشاف پر پولیس چوکی نادر آباد کے انچارج اور ایس ایچ او سے بھی تفتیش کی جائے گی جس کے لئے طلبی نوٹس جاری کئے جا رہے ہیں، جبکہ سرکل افسر سید زبیر اخلاق نے بتایا کہ گرفتار پولیس اہلکاروں اشرف اور جاوید سے ریکوری کے لئے مقامی عدالت سے تین تین روز کا ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن کے سرکل افسر کے مطابق گرفتار پولیس اہلکاروں اشرف اور جاوید نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ وہ مختلف رکشہ سٹینڈز اور ہوٹلوں سمیت گیسٹ ہاﺅسز سے بھی منتھلی لیتے رہے ہیں جس پر تفتیش کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے۔

انکشاف

مزید :

صفحہ آخر -