فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت ظلم کی انتہا اور عالمی ضمیر پر تازیانہ ہے، لیاقت بلوچ
لاہور(اے این این )سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستا ن لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ غزہ کے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت ظلم کی انتہا اور عالمی ضمیر پر تازیانہ ہے ۔ مسلسل بمباری ، گولہ باری ، ٹینکوں اور زمینی کاروائی سے خواتین بچوں سمیت 500 سے زائد فلسطینی شہید 3500 کے قریب زخمی ہوئے ہیں ۔ مسلسل بمباری سے ہزاروں فلسطینی گھر ، ہسپتال ، سکول اور مساجد مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں ۔ اقوام متحدہ اور عالم اسلام نے بے حسی ترک نہ کی تو بڑاانسانی المیہ رونما ہوگا۔ وزیراعظم نوازشریف مسئلہ فلسطین پر لاتعلق رہنے کی بجائے ایران ، ترکی ، سعودی عرب کو ایک پیج پر لانے کی کوشش کریں اس سے عالم اسلام متحد ہوگا ۔ فلسطینیوں کو اسرائیلی صہیونی ظلم سے محفوظ رکھا جائے گا اور کشمیر کا ز کو بھی تقویت ملے گی ۔ جماعت اسلامی 25جولائی کو ملک بھر میں یوم عزم منائے گی اور فلسطینی عوام کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہا ر کیاجائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈی ایچ اے میں ابرار مگو کی رہائش گاہ پر افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ بنوں میں لاکھوں وزیرستان آئی ڈی پیز پریشانی اور کسمپرسی کا شکار ہیں ۔ سخت گرمی ، ماہ رمضان کی مشقت اور حکومتی بے حسی کی وجہ سے بے گھر ہونے والوں کے مسائل میں اضافہ ہورہاہے ۔ آئی ڈی پیز گھروں گو واپس جانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر سے مخیر حضرات آئی ڈی پیز کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں ۔ فوجی آپریشن کے باوجود امریکی ڈرون حملے اور فوجی آپریشن پر امریکی شکوک و شبہات کا اظہار صورتحال کو گھمبیر بنارہاہے ۔ ملک کی داخلہ و خارجہ حکمت عملی پر از سر نو غور کیا جائے اور قومی اتفاق رائے سے نئی حکمت عملی ترتیب دی جائے ۔
لیاقت بلوچ