جمعتہ الوداع سے عید تک سخت سیکیورٹی ،آر پی اوز اور ڈی پی او خود نگرانی کریں گے

جمعتہ الوداع سے عید تک سخت سیکیورٹی ،آر پی اوز اور ڈی پی او خود نگرانی کریں گے

  

 لاہور(وقائع نگارخصوصی) آئی جی پنجاب، مشتاق احمد سکھیرا کی صدارت میں آر پی او کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام آرپی اوزاور ڈی پی اوز جمعتہ الوداع، چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر سیکیورٹی کی خود نگرانی کیلئے جائے تعیناتی پر موجود رہیں گے اور ماتحت عملے کی موثر نظر رکھیں گے۔کانفرنس میں آرپی اوز ،سی پی او ، ڈی پی اوز اور سنٹرل پولیس آفس کے افسروں نے شرکت کی۔اس موقع پر صوبہ بھر میں سیکیورٹی انتظامات کی منصوبہ بندی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور انسپکٹر جنرل پولیس نے فیلڈ پولیس افسران کو اس منصوبہ بندی کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔ آئی جی پنجاب نے جمعتہ الوداع، چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر مساجد، امام بارگاہوں، مدارس، بازاروں اور دیگر حساس مقامات پر سخت ترین سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے واضح کیاکہ کرپشن کے خلاف مکمل عدم برداشت ہی ان کی پالیسی ہو گی، محکمہ کے اندر موجود کالی بھیڑیں کان کھول کر سن لیں کہ ان کو چن چن کر فارغ کیا جائے گالیکن دیانتدار اور محنتی ملازمین کی مکمل حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے ہر طرح کے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ خود پولیس لائنز اور تھانوں کا دورہ کریں اور ملازموں کی رہائش اور کھانے پینے کی سہولیات میں بہتری لائیں۔ ملازمین کی چھٹیوں کا باقاعدہ نظام وضع کریں تا کہ ہر ملازم کو جائز چھٹی ضرور مل سکے۔ ڈی پی اوز ماتحت عملے کے تبادلے کسی دباؤ یا لالچ میں نہ کریں بلکہ ٹھوس وجوہات کی بنا پر تبادلے کرنے کی پالیسی اپنائیں، افسروں، عوامی نمائندوں کی عزت کریں ، ان کے جائز کام فوری کریں اور میرٹ کو ہمیشہ ملحوظ خاطر رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ اس وردی کی عزت خود بھی کریں اور دوسروں سے بھی کروائیں جس کا ایک ہی راستہ ہے کہ ہمیشہ حق اور انصاف کے مطابق فیصلے کریں۔

آئی جی

مزید :

صفحہ آخر -