متعصب امریکی کا مسلمان خاتون پر سر عام حملہ

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) جمہوریت، تہذیب اور انسانی حقوق کا ڈھنڈورا پیٹنے والے امریکا میں مسلمانوں سے نفرت کے ایک اور واقعے میں ایک گورے نے ایک مسلمان عورت پر حملہ کرکے اس کے سر سے حجاب نوچ لیا اور اس وحشیانہ حملے کے دوران خاتون کا گلا گھونٹے ہوئے اسے شدید زخمی کردیا۔ لانچ بیچ شہر میں واقع ایک مصروف شاپنگ سینٹر کے سامنے درجنوں لوگوں کے سامنے پیش آیا لیکن کسی نے بدبخت حملہ آور کو روکنے یا کوسنے کی زحمت نہ کی۔ عراق سے تعلق رکھنے والی مسلمان خاتون شاپنگ کا سامان گاڑی میں رکھ رہی تھی کہ یہ غنڈہ اس پر اچانک حملہ آور ہوگیا۔ اس نے خاتون کو گالیاں نکالیں، اسلام اور اسلامی لباس کے خلاف توہین آمیز کلمات کہے اور انتہائی درندگی کے ساتھ خاتون کا حجاب کھینچنے کیلئے اسے جھنجھوڑتا رہا، حملہ آور اپنی شرمناک کارروائی پوری کرنے کے بعد بے فکری سے موقع واردات سے فرارہوگیا اور مظلوم عورت کا حال پوچھنے کو بھی کوئی آگے نہ بڑھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی عمر 30 سال سے کچھ زائد ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔