لوڈشیڈنگ نے صنعتی پیداوار کو بْری طرح متاثر کیا ہے، کتار بند ایسوسی ایشن

لوڈشیڈنگ نے صنعتی پیداوار کو بْری طرح متاثر کیا ہے، کتار بند ایسوسی ایشن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر) کٹار بند روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن نے اپنے ایک ہنگامی اجلاس میں ٹیکس وصول کرنے والے اداروں کے صوابدیدی اختیارات میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس کی صدارت کٹار بند روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر سید محمود غزنوی نے کی جبکہ نائب صدر میاں نواز، جنرل سیکریٹری چودھری یوسف اور علاقے کے صنعتکار بھی اجلا س میں موجود تھے۔ اجلاس میں موجود صنعتکاروں نے ٹیکس وصول کرنے والے عملے کی جانب سے تاجروں کے ساتھ نارواسلوک اپنانے ،صوابدیدی اختیارات کے غلط استعمال اور ٹیکس آڈٹ کے نام پر چھاپے مار نے کی شدید مذمت کی۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ کاروباری حالات پہلے ہی ٹھیک نہیں۔ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے صنعتی پیداوار کو بْری طرح متاثر کیا ہے جبکہ ٹیکس آڈٹ کے نام پر چھاپے تباہی میں رہی سہی کسر بھی پوری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس رویے کی وجہ سے صنعتکاروں میں شدید مایوسی پھیل رہی ہے اور وہ سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں کہ نقصان برداشت کرنے اور ذلت اٹھانے سے بہتر ہے کہ کاروبار بند کردیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو محاصل کا سب سے بڑا حصہ تاجروں سے حاصل ہوتا ہے لہذا انہیں عزت و احترام دینا اشد ضروری ہے بجائے اس کے کہ ان کی فیکٹریوں پر چھاپے مارے جائیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور چیئرمین ایف بی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کی جانب فوراً توجہ دیں اور ٹیکس عملے کو ہدایت کریں کہ بلاوجہ تاجروں کو تنگ نہ کریں۔

مزید :

کامرس -